حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا مرکز کی بی جے پی حکومت کے ایجنٹ اور کٹھ پتلی کی طرح کام کررہا ہے۔ سنگاریڈی میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم کے ضمن میں بوتھ لیول ایجنٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ 2002ء میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا لیکن اِس مرتبہ مخالف بی جے پی اور خاص طور پر کمزور طبقات کے ووٹوں کو کم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ SIR مہم کا مقصد تلنگانہ میں کانگریس کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچانا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بوتھ لیول ایجنٹس اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ SIR مہم کے سلسلہ میں چوکس رہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے نام پر 92 لاکھ ناموں کو فہرست سے حذف کردیا گیا اور یہی اقدام بی جے پی کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوا۔ مہیش کمار گوڑ نے اندیشہ ظاہر کیاکہ فہرست رائے دہندگان سے اُن کا اور وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا اور ورکنگ پریسیڈنٹ جگاریڈی کے نام بھی حذف کئے جاسکتے ہیں۔ اہل رائے دہندوں کے ناموں کی موجودگی کو یقینی بنانا بوتھ سطح کے ایجنٹس کی ذمہ داری ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے وہ اور میناکشی نٹراجن اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرینگے۔ V/1