تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن میدک کے انتخابات

   

ڈی نریندر صدر، مانک راج جنرل سکریٹری دوسری مرتبہ منتخب
میدک۔ 28؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن ضلع میدک کا ایک اہم اجلاس بضمن تازہ انتخابات میدک کے تلنگانہ بھون میں انعقاد عمل میں آیا۔ نوٹا کمار نے بحیثیت الیکشن آفیسر خدمات انجام دی۔ اس اجلاس میں ضلع میدک کے سات یونٹس کے صدور ارکان کی شرکت ہوئی۔ اس موقع پر بِلامقابلہ موجودہ صدر سپرنٹنڈنٹ اریگیشن جناب ڈی نریندر کو دوسری مرتبہ بھی انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح موجودہ جنرل سکریٹری جناب مانک راج کمار کو بھی بہ اتفاق آراء دوبارہ منتخب کرلیا گیا۔ اسی طرح اسوسی ایٹ صدر ٹی این جی اوز کے عہدے پر محکمہ اریگیشن کے سینئر اسسٹنٹ جناب محمد اقبال پاشاہ کا انتخاب عمل میں آیا اور بحیثیت ٹریژرر مسٹر چندر شیکھر، مسرز منوہر، پھنی راج، فضل الدین، محمد ارشد، رگھوناتھ راؤ، محترمہ لیلا کو نائب صدور کے لئے منتخب کیا گیا۔ جوائنٹ سکریٹریز کے لئے مسرز شنکر اچاریولو، شیواجی کرن کمار اور محترمہ رادھا منتخب ہوئے۔ محکمہ جاتی سکریٹری کے عہدے پر مسٹر محمد سلیم، اسپورٹس کلچرل سکریٹری کے لئے وشنووردھن ریڈی، پبلسٹی سکریٹری کے لئے مسٹر نرسملو منتخب ہوئے۔ اس طرح بحیثیت اراکین عاملہ ماریا سری دیوی کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر ٹی این جی اوز اسٹیٹ کی رکن عاملہ جی انورادھا، ضلع کے یونٹس کے صدور، ڈپارٹمنٹل فورم کے قائدین شیشا چاری، اشوک ریڈی، صلاح الدین، پرشانت، سنتوش، سوریہ سرینواس، ناگیش، سرینواس اور دیگر موجود تھے۔