تلنگانہ: والدین نے غیر شادی شدہ حاملہ لڑکی کا قتل کردیا، خاندان اور معاشرہ میں اپنی عزت نفس کی خاطر اقدام

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): ریاست میں ایک نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں والدین نے اپنی ہی غیر شادی شدہ حاملہ لڑکی کا قتل کردیا۔ یہ واقعہ جاگولامبا گدوال ضلع میں پیش آیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق لڑکی کرنول، آندھراپردیش کے ایک کالج میں تعلیم حاصل کرتی تھی۔اسی دوران اس کی دوستی ایک لڑکے سے ہوئی۔ اس کے بعد یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور ان دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات قائم ہوگئے جس کی وجہ سے وہ حاملہ بن گئی۔ اس کی ماہواری نہ ہونے پر اس کے ماں باپ اسے ہاسپٹل لے گئے جہاں انہیں بتایا گیا کہ ان کی لڑکی حاملہ ہے۔ پوچھے جانے پر لڑکی نے تمام واقعہ سنایا۔ اس کے والدین جب اس لڑکے کے تعلق سے مزید معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ وہ لڑکا نچلے طبقہ سے تعلق رکھتاہے۔

دوسری جانب لڑکی حمل ساقط کروانا نہیں چاہتی تھی۔ خاندان اور معاشرہ میں اپنی عزت بچانے کی خاطر ماں باپ نے اپنی ہی لڑکی کا قتل کردیا۔ قتل کا یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ اپنے اس جرم کو چھپانے کیلئے انہوں نے جھوٹ کا سہارا لیا اور اس موت کو طبعی موت ثابت کرنے لگے۔ گاؤں کے کچھ لوگوں نے پولیس کو سچائی سے واقف کروایا۔ پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتہ چلا کہ یہ موت طبعی نہیں ہے بلکہ قتل ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران مجرم ماں باپ نے قبول کیا کہ ان کی لڑکی نچلے طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص سے محبت کیا کرتی تھی اور وہ اس سے حاملہ بھی ہوگئیں جس پر ہمیں بہت غصہ آیا۔ ہمیں لگا کہ خاندان میں اور معاشرہ میں ہماری عزت خراب ہوگی۔اس لئے ہم نے اس کا قتل کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔