تلنگانہ کانگریس امور کے مانک راؤ ٹھاکرے نئے انچارج

   

مانکیم ٹیگور کو تلنگانہ کانگریس کی ذمہ داریوں سے ہٹادیا گیا ، ڈگ وجئے سنگھ کی رپورٹ کا اثر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور کو ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ مانک راؤ ٹھاکرے کو تلنگانہ پردیش کانگریس امور کا نیا انچارج نامزد کیا ہے ۔ مانکیم ٹیگور کو گوا کانگریس امور کا انچارج نامزد کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے کئے گئے فیصلے سے احکامات جاری کرتے ہوئے کے سی وینوگوپال نے یہ بات بتائی ۔ تلنگانہ کانگریس پارٹی کے سینئیر قائدین نے مانکیم ٹیگور کی انداز کارکردگی سے ناراض تھے ۔ ان کی پارٹی ہائی کمان سے شکایت کرنے کے علاوہ کھلے عام ان پر تنقید کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کئے تھے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس عاملہ اور دوسرے کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد پارٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیاں اچانک منظر عام پر آگئے ہیں ۔ پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی تھی ۔ سینئیر قائدین علحدہ اجلاس طلب کررہے تھے اور اپنے آپ کو پارٹی سرگرمیوں سے دور رکھا تھا ۔ حالات کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ کے سینئیر قائدین کو دہلی طلب کر کے مشاورت کی تھی اور پارٹی قائدین کو سمجھانے کے لیے پارٹی کے سینئیر قائد ڈگ وجئے سنگھ کو حیدرآباد روانہ کیا تھا ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے دو دن تک حیدرآباد میں پارٹی کے قائدین سے ملاقات کی اور ان کی رائے حاصل کرنے کے بعد دہلی پہونچ کر پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کو ایک رپورٹ پیش کی تھی جس کے بعد مانکیم ٹیگور کو تلنگانہ کانگریس انچارج کی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ آج دوپہر میں ہی مانکیم ٹیگور تلنگانہ کانگریس وائس گروپ سے ایگزٹ ہوگئے تھے انہوں نے گروپ سے دستبردار ہونے سے قبل ان کے ساتھ تعاون کرنے والے کانگریس کے قائدین سے اظہار تشکر کیا تھا ۔ جس کے بعد سے انہیں تلنگانہ کانگریس کی ذمہ داریوں سے علحدہ کرنے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھی تاہم شام میں کانگریس پارٹی ہائی کمان نے سرکاری طور پر اس کا اعلان کردیا ۔۔ ن