تلنگانہ کا نوجوان سعودی عرب میں ایجنٹ کی دھوکہ دہی کا شکار

   

حیدرآباد 15مئی (یواین آئی)تلنگانہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان سعودی عرب میں ایجنٹ کی دھوکہ دہی کا شکار ہوگیاجہاں اس کو کئی مسائل کا سامنا کرناپڑ رہا ہے ۔اس21سالہ نوجوان محمد سمیر نے جس کا تعلق ضلع کریم نگر کے ایلنتوکنٹہ سے ہے ،ایک ویڈیو پیام سوشیل میڈیا کے ذریعہ تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگزار صدر کے تارک راماراؤ کو بھیجا۔تلگو زبان میں بھیجے گئے اس ویڈیو میں اس نوجوان نے اپنی مشکلات سے مسٹرراؤ کو واقف کروایا۔یہ نوجوان روزگار کے لئے ایجنٹ کے ذریعہ سعودی عرب گیا تھا۔اس نوجوان نے کہاکہ سعودی عرب میں فنکشن ہال میں ملازمت کا جھانسہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایجنٹ نے دیا۔اس نوجوان نے امید کی تھی کہ ملازمت پر اس کے معاشی مسائل دور ہوں گے ۔اس نے ملازمت کے لئے ایجنٹ کو 80ہزار روپئے بھی دیئے تاہم اس نوجوان کی سعودی عرب روانگی کے بعد وہاں اس کو دھوکہ کا سامنا کرناپڑا اور وہاں اسے بکرے چروانے کا کام دیاگیا۔اس نوجوان نے اس کو بچانے اورملک واپسی میں مدد کی خواہش کی۔اس ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تارک راما راؤ نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر اوصاف سعید اور ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس نوجوان کی ہندوستان واپسی کے لئے مد د کرنے کی خواہش کی۔واضح رہے کہ ایک اور نوجوان نے بھی گزشتہ روز ایسی ہی ویڈیو کے تارک راماراؤ کو بھیجی تھی۔