مرکزی محکمہ موسمیات کا انتباہ نظر انداز کرنے سے صورتحال ابتر : ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے لئے کانگریس حکومت ایل نینو اور کورونا وائرس سے بڑا بحران ثابت ہورہی ہے۔ سابق ریاستی وزیر فینانس و آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ ڈپٹی فلور لیڈر بی آر ایس نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت اپنی ناکامیوں کے لئے عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کررہی ہے۔ انہوںنے ریاست میں برقی پیداوار کے لئے کوئلہ کی وافر مقدار کی فراہمی کے بجائے صورتحال کو نظرانداز کرتے ہوئے برقی پیداوار میں اضافہ نہ کئے جانے پر عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیا جانادرست نہیں ہے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت ایل نینو کے متعلق مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ کو گذشتہ 9 ماہ سے نظرانداز کرتی آئی ہے اور اب جب صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے تو ایسی صورت میں عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اپنا دامن جھاڑنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت عوام میں عہدیداروں کے خلاف برہمی پیدا کرنے کے لئے عہدیداروں کو معطلی کا انتباہ دے رہی ہے۔ انہو ںنے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو ریاست کے لئے کورونا وائرس سے زیادہ بڑا بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ برقی پیداوار میں اضافہ نہ کئے جانے کے لئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے اور وہ اس ذمہ داری سے فرار اختیار کر رہی ہے۔مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت درکار کوئلہ کی ذخیرہ اندوزی میں ناکام ہوئی ہے اور برقی بحران کے سلسلہ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر متعدد مرتبہ متوجہ کروائے جانے کے باوجود اس مسئلہ کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر حکومت تلنگانہ بروقت برقی بحران کی امکانی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں سے طلب ‘ پیداوار اور سربراہی کے سلسلہ میں اقدامات کرتی تو یہ صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔ حکومت اپنی ناکامیوں کے لئے عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فرار نہیں ہوسکتی کیونکہ عہدیداروں کی جانب سے محکمہ برقی میں پیدا شدہ بحران اور برقی کھپت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سلسلہ میں مسلسل واقف کروانے کے اقدامات کئے جاتے رہے ہیں لیکن وزارت اور حکومت کی جانب سے اس مسئلہ کی سنگین نوعیت کو محسوس کرنے کے بجائے نظرانداز کرتے ہوئے ٹال مٹول سے کام لیا جاتا رہا ہے جس کے نتیجہ میں اب فاضل برقی پیداوار کو یقینی بنانے والی ریاست تلنگانہ کو برقی بحران کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔3/m/b