تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کی رکاوٹیں : پونم پربھاکر

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو غیر ملکی دورہ سے روکنے کا الزام
حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی ترقیاتی راہوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ضلع سدی پیٹ کے اکناپیٹ منڈل میں پونم پربھاکر نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ اس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت اور ریاستی بی جے پی قیادت کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور تلنگانہ کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے غیر ملکی دورہ پر جانے چاہتے تھے لیکن مرکزی حکومت نے انہیں اجازت دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے اسے مرکز کے تعصب اور ظلم کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور سوال کیا کہ ریاست کی معاشی پیشرفت اور سرمایہ کاری کی کوششوں پر اس طرح پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔ پونم پربھاکر نے مرکز کی مالیاتی پالیسیوں اور پڑوسی ریاستوں کے ساتھ غیر مساوی سلوک کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے یاددلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جس وکست بھارت 2047 کا تصور پیش کررہے ہیں وہ تمام ریاستوں کی یکساں ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مرکز دیگر پڑوسی ریاستوں کو کھلے دل سے فنڈس اور پراجکٹس جاری کررہی ہے جبکہ تلنگانہ کے واجب الادا اور منصفانہ حق کے فنڈس کو کیوں روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین ریاست کی ترقی میں سیاست سے بالاتر ہوکر تعاون کرنے کی بجائے رکاوٹیں کھڑا کرنے میں مرکز سے تعاون کررہے ہیں۔ ریاست سے بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ منتخب ہونے کے باوجود انہوں نے مرکز سے ریاست کے لئے فنڈس، گرانڈس اور ترقیاتی پراجکٹس کے لئے کبھی کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر تلنگانہ کے مفادات اور عوام کی فلاح و بہبنود کے لئے کام کررہی ہے اور مرکز کو بھی چاہئے کہ وہ اس میں تلنگانہ کے ساتھ تعاون کریں۔ 2؍F