جائیدادوں کی خرید و فروخت کی سرگرمیاں ، اندرون 18 یوم 6 ہزار جائیدادوں کا رجسٹریشن
حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی رئیل اسٹیٹ تجارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ اب دور ہونے لگی ہے اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کا عمل شروع ہوچکا ہے اور محکمہ مال کی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ انتخابات سے قبل کہا جا رہاہے کہ عام انتخابات تک ریاست بھر میں رئیل اسٹیٹ تجارت میں بہتری پیدا نہ ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد سے اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ریاست میں جائیدادوں کی خرید و فروخت اور ان کے رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ محکمہ مال کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ان 18 یوم کے دوران زائد از 6000 جائیدادوں کے رجسٹریشن ہوئے ہیں اور ان کے ذریعہ زائد از 21کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 18 یوم کے دوران ریاست بھر میں 6326 جائیدادوں کے رجسٹریشن کئے گئے ہیں جن سے مجموعی طور پر محکمہ مال و ریاستی حکومت کو 21کروڑ57لاکھ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔عام طور پر کسی بھی ریاست میں انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی جائیدادوں کی منتقلی‘ خرید و فروخت پر اس کے منفی اثرات شروع ہونے لگتے ہیں اور انتخابات کے نتائج کے بعد ہی رئیل اسٹیٹ تجارت میں بہتری نمایاں ہونے لگتی ہے لیکن تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے اندرون چند ماہ ملک بھر میں عام انتخابات کے پیش نظر یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہاتھا کہ تلنگانہ میں انتخابات کے نتائج کے فوری بعد رئیل اسٹیٹ تاجرین کی سرگرمیاں بحال نہیں ہوں گی بلکہ جائیدادوں کی خرید و فروخت پر 6ماہ تک منفی اثرات ریکارڈ کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت کو رئیل اسٹیٹ تجارت اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے بعد کہا جا رہاہے کہ آئندہ 2ماہ کے دوران تلنگانہ میں زرعی جائیدادوں کی خرید و فروخت کے علاوہ وینچرس میں موجود پلاٹس کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور عام انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی تک بازار میں زبردست تیزی اور اچھال ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ تاجرین نے بھی انتخابات کے فوری بعد کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے جائیدادوں کی فروخت اور منتقلی کا عمل شروع کردیا ہے۔م