٭ بی آر ایس سے اتمیا سمیلن کا انعقاد ۔ کے ٹی آر پرجوش
٭ کانگریس کی جانب سے سوشیل میڈیا کے استحکام پر توجہ
٭ بی جے پی و سی پی آئی کی جانب سے کارنر میٹنگ کا اہتمام
حیدرآباد 15 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاست میں سیاسی جماعتیں مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہیں اور اپنے ایجنڈے کو عوام کے تمام طبقات تک پہونچانے پر خاص توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ عوام تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف پروگرامس منعقد کئے جا رہے ہیں۔ برسر اقتدار بھارت راشٹرا سمیتی کے بشمول تمام جماعتیں کانگریس ‘ بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتیں انتخابی موڈ میں دکھائی دے رہی ہیں۔ اس کے نتیجہ کے طور پر ریاست بھر میں مختلف مقامات پر پدیاترائیں چل رہی ہیں۔ کارنر میٹنگ منعقد ہو رہی ہیں۔ ریالیاں اور عوامی جلسے بھی اب باقاعدگی سے ہونے لگے ہیں۔ برسر اقتدار بی آر ایس کی جانب سے اتمیا سمیلن منعقد کئے جا رہے ہیں جو ہمہ جہتی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ اس کے ذریعہ ریاست میں اب تک ہوئی ترقی اور فلاحی اسکیمات کو پیش کیا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ریاستی سطح کے قائدین اور مقامی قائدین کے مابین روابط مستحکم رہیں۔ یہ اجلاس پارٹی قائدین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں کہ وہ پارٹی کیڈر کو انتخابات کیلئے تیار کریں۔ ساری توجہ اس بات پر دی جا رہی ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ لگاتار تیسری معیاد کیلئے منتخب ہوجائیں۔ اس طرح کے اجلاسوں سے مطمئن وزیر صنعت و بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماہ مئی تک یہ اجلاس منعقد کرتے رہیں۔ برسر اقتدار جماعت کے پروگراموں کی طرح کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے بھی پدیاتراؤں اور کارنر میٹنگس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ جمعہ کو کانگریس کی جانب سے عادل آباد میں جئے بھارت ستیہ گرہ کا جلسہ منعقد کیا گیا ۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے اس جلسہ سے خطاب کیا ۔ اسی طرح بی جے پی کی ریاستی یونٹ کی جانب سے بھی حکومت کو بدنام کرنے اسٹریٹ کارنر میٹنگس منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی کا دعوی ہے کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اسی طرح ریاست میں سی پی آئی کی جانب سے بھی بی جے پی ہٹاؤ ۔ دیش بچاؤ مہم شروع کی گئی ہے ۔ اس مہم کے حصے کے طور پر سی پی آئی کی جانب سے گاووں میں شعور بیداری ریالیاں منعقد کی جا رہی ہیں اور عوام تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سی پی آئی کی کوشش ہے کہ سماجی جہد کاروں کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے ۔ یہ مہم ایک ماہ تک چلائی جائے گی ۔ سی پی آئی ریاستی سکریٹری کے سامباشیوا راؤ نے بتایا کہ لگ بھگ 3000 کارنر میٹنگس کے انعقاد کا منصوبہ ہے ۔ روایتی پد یاتراوں اور کارنر میٹنگس و دیگر پروگرامس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے خصوصی سوشیل میڈیا ٹیموں کی حدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر بھی منفرد مہم چلائی جاسکے ۔ گذشتہ ہفتے پارٹی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال میں تلنگانہ پردیش کانگریس صدر ریونت ریڈی نے تاکید کی کہ وہ سوشیل میڈیا پر مہم چلانے کیلئے کامیاب طریقہ کار اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کو آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو اسے سوشیل میڈیا پر خاص توجہ کرنے کی ضرورت ہوگی ۔