حیدرآباد۔4 جنوری ( یواین آئی ) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں حالیہ دنوں کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور ضلع کے کئی مقامات پر کہر کی گھنی چادر نظرآرہی ہے ۔ سرد ہواؤں کے باعث لوگ صبح 10 بجے بھی گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔پہاڑی علاقوں، قومی شاہراہوں، دیہاتوں میں کہر کی شدید لہردیکھی جارہی ہے جس سے سردی بڑھ گئی ہے ۔ ضلع میں کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے گاڑی چلارہے ہیں۔ دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام سویٹرس’ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ چائے خانوں پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ صبح اورشام کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔ ضلع میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے جس کے سبب صبح اور شام کے اوقات میں سردی دیکھی جارہی ہے ۔ کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے ۔ نزلہ’ کھانسی’ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔