تلنگانہ کے وزیراعلی کی حلف برداری کا ایک ماہ مکمل

   

حیدرآباد 13جنوری (یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے وزیرداخلہ محمد محمود علی کے ساتھ حلف لینے کا ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے تاہم ان کی کابینہ پر ہنوز تجسس پایاجاتا ہے ۔مسٹر راو نے اپنی کابینہ میں ہنوز توسیع نہیں کی ہے اور قلمدان وزرا کو الاٹ نہیں کئے ہیں۔119رکنی تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کے 12دسمبرکو نتائج سامنے آئے تھے جس میں ٹی آرایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی تاہم قلمدانوں کے الاٹمنٹ میں غیر معمولی تاخیر سے ارکان اسمبلی میں تجسس پایاجاتا ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعلی قلمدانوں کی تقسیم کے معاملہ میں کن پہلووں پر غورکرتے ہیں۔اسی دوران اپوزیشن جماعتوں نے قلمدانوں کی تقسیم کے معاملہ میں تاخیر پرنکتہ چینی کی ہے ۔وزیراعلی نے 21تا24جنوری ایراولی علاقہ میں واقع اپنے فارم ہوز میں چنڈی یگم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں توقع ہے کہ اس یگم کے بعد ہی ان کی کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔اسی دوران تلنگانہ اسمبلی کے سیشن کی شروعات 17جنوری سے ہورہی ہے جس میں تمام ارکان اسمبلی حلف لیں گے ۔اس سیشن کے دوران ہی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایاجائے گا۔