آندھرا اسمبلی کی 175 نشستوں کیلئے پولنگ ہوگی، صبح 7 تا شام 6 بجے ووٹنگ،تلنگانہ میں 525 اور اے پی میں 454 امیدواروں کی قسمت کافیصلہ، کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھرا پردیش میں علی الترتیب 17 اور 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے کل 13 مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔ آندھرا پردیش میں لوک سبھا کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کی 175 نشستوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں دونوں تلگو ریاستوں میں رائے دہی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ دونوں ریاستوں میں انتخابی مہم کل اختتام کو پہنچی جس میں تمام اہم پارٹیوں کے قومی اور ریاستی قائدین نے حصہ لیا۔ رائے دہی صبح 7 بجے تا شام 6 بجے مقرر ہے جبکہ ماویسٹ سے متاثرہ علاقوں میں رائے دہی کا وقت صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا گیا ہے۔ تلنگانہ میں عادل آباد، پدا پلی، ورنگل، محبوب نگر اور کھمم لوک سبھا حلقہ جات کے تحت 13 اسمبلی حلقہ جات میں شام 4 بجے رائے دہی کا اختتام ہوگا۔ تلنگانہ میں 17 لوک سبھا حلقوں کے علاوہ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے رائے دہی مقرر ہے۔ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کیلئے دونوں تلگو ریاستوں میں نیم فوجی دستوں اور پولیس کی تعیناتی مکمل ہوچکی ہے۔ تلنگانہ میں 3 کروڑ 32 لاکھ 32 ہزار 318 رائے دہندے ہیں جن میں 16528366 مرد اور 16701192 خواتین شامل ہیں۔ تھرڈ جینڈر رائے دہندے 2760 ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ 20168 رائے دہندوں نے ہوم ووٹنگ کے ذریعہ رائے دہی مکمل کرلی ہے۔ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات 1.88 لاکھ سرکاری ملازمین نے بھی بیالٹ ووٹنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ تلنگانہ میں جملہ 35809 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی 2.94 لاکھ تعداد کو متعین کیا گیا۔ لوک سبھا کی 17 نشستوں کیلئے 525 امیدوار میدان میں ہیں اور ریاست میں کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان سہ رُخی مقابلہ ہے۔ لوک سبھا حلقہ جات میں سب سے زیادہ 45 امیدوار سکندرآباد حلقہ میں ہیں جبکہ میدک میں 44 ، چیوڑلہ 43 ، پداپلی اور ورنگل میں فی کس 42 امیدوار میدان میں ہیں۔ سب کم 12 امیدوار عادل آباد لوک سبھا حلقہ میں ہیں۔ 2019 لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس نے 9 ، بی جے پی نے 4 اور کانگریس نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے شدید گرمی کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی پر رائے دہی کے وقت میں ایک گھنٹہ کا اضافہ کیا ہے۔ حالیہ اسمبلی چناؤ میں رائے دہی کا فیصد 71.34 درج کیا گیا تھا۔ 2018 اسمبلی چناؤ میں 73.73 فیصد رائے دہی ہوئی تھی جبکہ 2019 لوک سبھا چناؤ میں 62.11 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ 105019 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کنٹرول یونٹس کی تعداد 44569 ہے اور 48134 وی وی پیاٹ قائم کئے گئے ہیں۔ وکاس راج کے مطابق ووٹنگ مشینوں میں کسی بھی خرابی کی صورت میں ای سی آئی ایل کے انجینئرس فوری درستگی کا کام انجام دیں گے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے 8600 مقدمات درج کئے گئے۔ مجموعی طور پر 320.80 کروڑ کی رقم اور قیمتی اشیاء کو ضبط کیا گیا۔ 1.96 لاکھ پولنگ اسٹاف میں 3522 سیکٹر آفیسرس ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 12909 مائیکرو آبزرورس کی خدمات حاصل کی ہیں۔ 35809 پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ 453 معاون پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ 3 پولنگ اسٹیشنوں میں علی الترتیب 10، 12 اور 14 ووٹر ہیں اور یہ ریاست کے سب سے چھوٹے پولنگ اسٹیشن ہیں۔ 11 پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹرس کی تعداد 25 سے کم ہے جبکہ 22 پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندے فی کس 50 سے کم ہیں۔ 54 پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹر فی کس 100 سے کم ہیں۔ انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی ریاست میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے جو یکم جون شام 6:30 بجے تک جاری رہیگا۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں 232 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ سنٹرل فورسیس کی 160 کمپنیاں تعینات کی گئیں جبکہ دیگر ریاستوں سے 20 ہزار ملازمین پولیس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ہر پارلیمانی حلقہ میں 2 بیالٹ یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔ ایجنسیز علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 328 ہے۔ اسی دوران آندھرا پردیش میں جملہ 1.06 لاکھ سیکوریٹی عملہ تعینات کیا گیا جن میں 3500 کرناٹک پولیس، 4500 ٹاملناڈو پولیس اور 1614 سابق فوجی عہدیدار اور 246 ریٹائرڈ پولیس عہدیدار شامل ہیں۔ آندھرا پردیش میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 4.14 کروڑ ہے جن میں 2.1 کروڑ خواتین اور 2.02 کروڑ مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ تھرڈ جینڈر ووٹرس کی تعداد 3421 ہے جبکہ سرویس ووٹرس 68185 ہیں۔ 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے 454 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 175 اسمبلی نشستوں کیلئے 2387 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ گذشتہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کو151 ، تلگودیشم 23 اور جنا سینا کو ایک اسمبلی نشست پر کامیابی ملی تھی جبکہ 25 لوک سبھا حلقوں میں وائی ایس آر کانگریس 22 اور تلگودیشم 3 نشستوں پر کامیاب رہے تھے۔1
تلنگانہ میں آج لوک سبھا الیکشن کی رائے دہی
٭ جملہ نشستیں 17،( ایس سی 3، ایس ٹی 2، جنرل 12 )
٭ جملہ امیدوار 552 ،
٭ سب سے زیادہ امیدوار( سکندرآباد45 )
٭ سب سے کم امیدوار ( عادل آباد 12 )
٭ جملہ رائے دہندے 32232318
٭ مرد رائے دہندے 16528366
٭ خاتون رائے دہندے 16701192
٭ پہلی مرتبہ ووٹر 920313
٭ معذورین 527486
٭ پولنگ اسٹیشن 35809
٭ سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشن ( ملکاجگری 3226 )
٭ حساس پولنگ مراکز 9900
٭ بیالٹ یونٹ 1099
٭ کنٹرول یونٹ 44906
٭ وی وی پیاٹ 50135
٭ مکمل ضبطی 320 کروڑ