تلنگانہ کے 90 فیصد عازمین نے دوسری قسط کی رقم ادا کردی

   

ویٹنگ لسٹ کے 553 عازمین سے دستاویزات طلب ،حج انتظامات کے ٹنڈرس کی 23 مئی کو کشادگی : محمد سلیم
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کیلئے تلنگانہ کے 90 فیصد منتخب عازمین نے سفری اخراجات کی دوسری قسط ادا کردی ہے۔ دوسری قسط کی ادائیگی کی آج آخری تاریخ تھی اور حج کمیٹی آف انڈیا نے تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی ۔ صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم کے مطابق باقی 10 فیصد عازمین نے یا تو رقم ادائیگی کی اطلاع حج کمیٹی کو نہیں دی یا پھر وہ سفر حج کی منسوخی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آخری دن رقم ادا کرنے والے عازمین پے سلپ اور دیگر تفصیلات بعد میں بھی حج کمیٹی میں جمع کراسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین سے پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے حاصل کئے جبکہ دوسری قسط کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار روپئے جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ مجموعی سفری اخراجات کی تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ عازمین کی جانب سے سفر کی منسوخی کے پیش نظر ویٹنگ لسٹ کے 553 عازمین سے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات طلب کی گئی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے عازمین اپنے اوریجنل پاسپورٹ ، کووڈ سرٹیفکٹ ، بینک تفصیلات ، حلفنامہ اور دو پاسپورٹ سائیز فوٹوز تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے حج کیمپ کے انتظامات کیلئے یہ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں جن کی کشادگی 23 مئی کو عمل میں آئے گی۔ کیمپ میں عازمین کے طعام کے انتظامات کے علاوہ سپلائینگ کمپنی میٹریل اور ہاؤز کیپنگ مینٹننس کے سلسلہ میں تین علحدہ ای ٹنڈرس طلب کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل شفافیت کے ساتھ ٹنڈرس کے کام الاٹ کئے جائیں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ 4 جون کو اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی کے عہدیدار ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین کی مکمل تعداد کے بارے میں اطلاع نہیں دی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مکمل عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے بعض علاقوںکے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے عمل میں آئے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ حیدرآباد اور اضلاع میں عازمین کے تربیتی کیمپس کا آغاز ہوچکا ہے۔ ر