عالمی ادارو ں کے سربراہوں کی شرکت، سرمایہ کاری کے معاہدات کا امکان
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ڈسمبر میں ہونے والے تلنگانہ گلوبل سمٹ کی تیاریوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں سمیٹ کی تیاریو ں کے علاوہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مدعو کرنے اور اہم شعبہ جات کے نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ میں قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت اور دعوت نامے حوالے کرنے سے متعلق تفصیلات حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 24 اکٹوبر کو حیدرآباد اور 29اکٹوبر کو نئی دہلی میں گلوبل سمیٹ کی بہتر تشہیر کیلئے مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایرو اسپیس و ڈیفنس ٹکنالوجی سے متعلق اداروں کے سربراہوں کو گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم صنعتی شخصیتوں کی شرکت کے نتیجہ میں گلوبل سمٹ کے انعقاد کے مقاصد کی تکمیل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال گلوبل سمٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات پر دستخط کئے گئے اور مجوزہ سمٹ میں بھی بڑے پیمانے پر معاہدات کی امید ہے ۔ مختلف ممالک کے سفارتکاروں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے ۔ فیڈریشن آف انڈین کامرس اینڈ انڈسٹری ، اسوسی ایٹیڈ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کو عالمی ایونٹ کی ذمہ داریوں کو بخوبی مکمل کرنا چاہیئے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ جات میں بہتر تال میل کا مشورہ دیا گیا ۔ قومی اور بین الاقوامی صنعتکاروں کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ 1/S