تلنگانہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات

   

سرچ کمیٹیوں کی از سر نو تشکیل کا فیصلہ
حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست کی مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقرر کے سلسلہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم نے سرچ کمیٹیوں کی از سر نو تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ وائس چانسلرس کے تقررات میں مخصوص افراد کو ترجیح دینے سے متعلق اخباری اطلاعات پر محکمہ اعلیٰ تعلیم نے سرچ کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شبہات کی گنجائش نہ رہے۔ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ایگزیکیٹو کونسل کی جانب سے سرچ کمیٹی کے ارکان کے نام تجویز کئے گئے جس کی قیادت وائس چانسلر کرتے ہیں۔ کئی موجودہ وائس چانسلرس نے عہدہ کیلئے دوبارہ درخواست دی ہے۔ ان کے نمائندوں کی سرچ کمیٹی میں شمولیت پر مختلف شبہات ظاہر کئے جارہے تھے۔ ریاست میں 10 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا جن میں سے 9 موجودہ وائس چانسلرس نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ایگزیکیٹیو کمیٹیز کی میعاد فبروری میں ختم ہوچکی ہے لہذا نئے افراد کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کے عہدوں کیلئے 312 پروفیسرس نے درخواست داخل کی۔1