تلنگانہ ۔چھتیس گڑھ سرحدی علاقہ میں انکاؤنٹر ‘ 6 نکسلائیٹس ہلاک

   

حیدرآباد 24اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میں کریگٹہ کی پہاڑیوں پر آج ایک انکاونٹرمیں 6ماؤ نواز نکسلائیٹس ہلاک ہوگئے ۔پولیس نے ابھی تک ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے جبکہ ماونوازوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ فورسس نے ‘آپریشن کاگرکے طور پر ماؤنوازوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے ۔جنگلات میں پچھلے تین دنوں سے تلاشی مہم چل رہی تھی،نیم فوجی دستے بشمول تلنگانہ کے گری ہاؤنڈس، چھتیس گڑھ کے بستر جنگجو اور مہاراشٹر کی C-60 فورس انسداد نکسل آپریشنس میں شامل ہیں۔ سیکورٹی فورسس کو لاجسٹک سپورٹ کیلئے کریگٹہ کی پہاڑیوں کے قریب کیمپ بنائے جا رہے تھے ۔علاقے کی نگرانی کیلئے ڈاگ سکواڈس، بغیر پائلٹ ڈرونس اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بستر رینج کے آئی پی سندرراج پی، سی آر پی ایف کے آئی جی (چھتیس گڑھ) راکیش اگروال اور سینئر عہدیدار آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔انتہائی مطلوب ماؤنواز ہڈما اور بڑی تعداد میں ماونوازوں نے مبینہ طور پر کریگٹہ پہاڑیوں پر پناہ لی تھی جو ماؤنوازوں کیلئے ایک محفوظ علاقہ تصور کیا جاتا تھا۔ کریگٹہ کے جنگلات میں مشکل جغرافیائی حالات کے پیش نظر سیکورٹی فورسس کو آپریشن کرنے میں مشکل پیش آسکتی ہے ۔دریں اثنا، انسپکٹر جنرل پولیس ملٹی زون-1، ایس چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ کیریگٹہ کے جنگلات میں جاری انسداد نکسل آپریشن چھتیس گڑھ پولیس اور سی آر پی ایف کے ذریعہ چلایا جارہا ہے ۔( ش)