تلگو دیشم کے بانی این ٹی آر کو خراج عقیدت

   

مختلف پروگراموں کا انعقاد، بھونیشوری اور بہو برہمنی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلگو دیشم کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کو 23 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تلگو دیشم پارٹی اور این ٹی آر ٹرسٹ کی جانب سے اس موقع پر مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں پارٹی کی جانب سے تقریب منعقد ہوئی جبکہ ٹرسٹ نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا۔ اس کے علاوہ بسوا تارکم کینسر ہاسپٹل میں مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے۔ این ٹی آر ٹرسٹ کی جانب سے دونوں ریاستوں میں تقریباً 100 مقامات پر خون کے عطیہ کیمپس منعقد کئے گئے ۔ حیدرآباد کے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں ٹرسٹی اور چیف منسٹر آندھراپردیش کی شریک حیات نارا بھونیشوری نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ بھونیشوری نے کہا کہ این ٹی آر نے خود کو عوام کی بھلائی کیلئے وقف کردیا ۔ عوامی زندگی اور فلمی دنیا میں ان کے کارناموں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ این ٹی آر آج بھی عوام کے دلوں میں موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ریاستوں میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا مقصد غریب اور مستحق مریضوں کو خون کی فراہمی کے ذریعہ زندگیوں کو بچانا ہے ۔ این ٹی آر ٹرسٹ کے سی ای او وشنو وردھن نے پروگرام کی تفصیل بیان کی ۔ بسوا تارکم کینسر ہاسپٹل میں نارا لوکیش کی شریک حیات برہمنی اور دیگر ارکان خاندان بشمول وسندرا نے مریضوں میں پھل تقسیم کئے ۔ اس موقع پر برہمنی نے کہا کہ کینسر ہاسپٹل کے ذریعہ غریبوں کے علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ دوسری طرف این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کے پولیٹ بیورو رکن آر پرکاش ریڈی نے این ٹی آر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے اور پروگرام کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کیلئے این ٹی آر نے تلگو دیشم قائم کی تھی۔ این ٹی آر گھاٹ پر پارٹی کے سینئر قائدین اور این ٹی آر کے افراد خاندان نے خراج عقیدت پیش کیا ۔ این بالا کرشنا ایم ایل اے ، این سہاسنی کے علاوہ صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا ، آر چندر شیکھر ریڈی اور دوسروں نے بیگم پیٹ میں این ٹی ار کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔