تنوی شرما نے اپنا پہلاسوپر 300 خطاب جیت لیا

   

تائپے ، 2 اگست (یو این آئی) ہندوستان کی 17سالہ بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی شرما نے خواتین کے سنگلز کے فائنل میں ویتنام کی چھٹی سیڈ یافتہ گوئین تھوئی لِنہ کو 21-16، 21-16 سے شکست دے کر تائپے اوپن 2026کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ یہ ان کے کیریئر کا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹورسوپر300 خطاب ہے ۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ تنوی، سائنا نہوال کے بعد تائپے اوپن جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون سنگلزکھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس جیت نے اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے 17سالہ خطابی انتظارکا بھی خاتمہ کر دیا۔ تنوی نے پہلے گیم میں ابتدا ہی سے برتری قائم کرتے ہوئے 21-16 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے گیم میں 0-3 سے پیچھے ہونے کے باوجود انہوں نے شاندار واپسی کی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل برتری برقرار رکھی۔ انہوں نے شاندار کراس کورٹ ڈراپ شاٹ کے ساتھ آخری پوائنٹ حاصل کیا اور صرف 36 منٹ میں فائنل اپنے نام کر لیا۔ خطاب جیتنے کے بعد تنوی نے کہا، میں اس کامیابی پر بے حد خوش ہوں۔ پورے ٹورنمنٹ میں میری کوشش یہی تھی کہ ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کروں۔ میں دباؤ میں تھی، لیکن خود سے کہا کہ صد فیصد دوں گی اور صرف اپنے کھیل پر توجہ رکھوں گی۔ اس فتح کے ساتھ تنوی سوپر 300یا اس سے اعلیٰ درجے کا خطاب جیتنے والی چوتھی ہندوستانی خاتون سنگلز کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ سائنا نہوال، پی وی سندھو اور دیویکا سہاگ کی صف میں ہیں۔