تیجسوی یادو کی ’بیروزگاری ہٹاؤ ، آرکشن بڑھاؤ یاترا، آج آغاز

,

   

پٹنہ ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو آج شمالی بہار کے دربھنگہ کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ بیروزگاری کو ختم کرنے اور ریزرویشن کو بڑھانے کیلئے یاترا کا جمعرات کو آغاز کریں گے۔ ’بیروزگاری ہٹاؤ، آرکشن بڑھاؤ‘ یاترا آئندہ دو دنوں میں اضلاع سوپال اور بھاگلپور کا احاطہ بھی کرے گی۔ ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی نے اس موقع پر سلسلہ وار ٹوئیٹس کئے ہیں۔ انہوں نے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقات کیلئے ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد بڑھانے کے اپنے مطالبہ کی مدافعت کی۔ اس کے علاوہ وضاحت کی کہ غیرمحفوظ زمرہ کے معاشی طور پر کمزور تر طبقات کیلئے 10 فیصد کوٹہ کی مخالفت وہ کیوں کررہے ہیں۔ اس مخالفت سے تیجسوی اور آر جے ڈی کو اونچی ذاتوں کے عتاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے ٹوئیٹ کیا کہ ایس سی و دیگر طبقات کیلئے کوٹہ کی حد 90 فیصد تک بڑھانا چاہئے۔ میں معاشی پسماندگی کی اساس پر 10 فیصد ریزرویشن کو سمجھنے سے قاصر ہوں جبکہ اس طرح کا مطالبہ کسی گوشے یا کوئی سروے یا کسی کیشن کی طرف سے نہیں کیا گیا ۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے چھوٹے بیٹے تیجسوی نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ ان کی یاترا ذات پر مبنی مردم شماری کرانے، ہر ذات کو اس کی آبادی کے تناسب سے کوٹہ کو یقینی بنانے کے مسائل اٹھائے گی۔
بنگال گلوبل بزنس سمٹ کا آج افتتاح
کولکاتہ ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہاکہ دو روزہ بنگال گلوبل بزنس سمٹ جو کل شروع ہورہی ہے، اس میں زائد از 36 ممالک حصہ لیں گے۔ ممتابنرجی ان ملکو ںکے مختلف صوبوں کے سربراہوں کے علاوہ ان کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکیش امبانی اس ایونٹ میں شریک صنعتکاروں کی قیادت کریں گے۔