تیراکی کے دوران غرقاب ، دو افراد کی موت

   

خانگی فارم ہاوزس کے غیر قانونی سوئمنگ پول میں واقعات
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) موسم گرما عروج پر ہے جس کے باعث عوام تفریح کیلئے شہر کے مضافات میں واقع خانگی فارم ہاوزس پہنچ رہے ہیں لیکن ان فارم ہاوزس میں تعمیر کردہ غیر قانونی سوئمنگ پول عوام کیلئے جان لیوا ثابت ہورہے ہیں۔ شہر کے مضافات میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں ایک نوجوان اور ایک کمسن بچہ غرقاب ہوگئے۔ معین آباد پولیس کے بموجب 25 سالہ شعیب خان ساکن کشن باغ بہادر پورہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ معین آباد علاقہ میں او ایس ایس این فارم ہاوز کو تفریح کیلئے گیا ہوا تھا اور وہاں کے سوئمنگ پول میں تیراکی کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شعیب خان تیراکی سے مکمل طور پر واقف نہیں تھا اور ایسے میں وہ سوئمنگ پول کے بیچ پہنچا وہ توازن کھو بیٹھا اور غرقاب ہوگیا۔ بے ہوشی کی حالت میں شعیب خان کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ اسی قسم کا ایک اور واقعہ نارسنگی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جس میں سات سالہ کمسن لڑکا غرقاب ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیات نگر کا ساکن لڑکا پرسنا بابو اپنے ماں باپ اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ تفریح کیلئے گنڈی پیٹ کے قریب واقع ڈیو ڈراپ فارم ہاوز پہنچا تھا اور تیراکی کے دوران اچانک غرقاب ہوگیا۔ نارسنگی پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔