تیستا سیتلواد اور سابق پولیس عہدیداروں کی گرفتاری پر احتجاج

   

سی پی آئی سٹی یونٹ نے رہائی کی مانگ کی، عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/28 جون، ( سیاست نیوز) سی پی آئی سٹی کمیٹی کی جانب سے جہد کار تیسٹا سیتلواد اور سابق پولیس عہدیداروں پی آر شیو کمار اور راجیو بھٹ کی گرفتاری کے خلاف نارائن گوڑہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے جہد کار اور سابق عہدیداروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہد کار تیستا سیتلواد کو جھوٹے مقدمات میں ہراساں کیا جارہا ہے جو جمہوریت اور قانون کا مذاق ہے۔ گجرات فسادات متاثرین کی مدد کرنے پر تیستا سیتلواد کو پھنسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے گرفتاریوں کی مذمت کی۔ اس کے علاوہ ماہرین قانون اور دانشوروں نے بھی ملک میں ایمرجنسی صورتحال کی پیش قیاسی کی ۔ انہوں نے کہا کہ 13 بنیادی انسانی حقوق میں ہندوستان 12 حقوق کے تحفظ میں ناکام ہے اور ہندوستان کا شمار انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے 37 ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ میں امن و ضبط کی برقراری میں ناکامی کیلئے گجرات نظم و نسق کو ذمہ دار قرار دیا۔ سٹی سکریٹری سی پی آئی ای ٹی نرسمہا نے کہا کہ صحت مند جمہوریت میں نکتہ چینی اور اختلاف رائے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کو تنقید کا استقبال کرکے اپنی اصلاح پر توجہ دینی چاہیئے۔ بی جے پی حکومت ایک طرف مذہبی منافرت کو ہوا دے رہی ہے تو دوسری طرف مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ مظاہرین نے تیستا سیتلواد اور دوسروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج سے ایم نرسمہا صدر آل انڈین ٹریڈ یونین کانگریس سٹی یونٹ، کرشنا کماری، محمد ندیم، خلیل اللہ، شمس الدین، منیر پٹیل، محمد محمود، سریکانت، شیخ محبوب، پروین بیگم و دیگر نے مخاطب کیا۔ ر