تیندوے کے حملہ میں مویشی ہلاک ‘یاچارم میں سنسنی

   

حیدرآباد ۔ /24 فبروری (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے علاقہ یاچارم منڈل میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک تیندوے نے مویشی پر حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ میڈی پلی ویلیج یاچارام منڈل میں آج صبح مویشی کا ڈھانچہ دستیاب ہوا ۔ اس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ مقامی عوام نے مویشی ہلاک ہونے کا پتہ لگاتے ہوئے علاقے میں گشت کی جس کے دوران زمین پر تیندوے کے پیر کے نشان برآمد ہوئے ۔ ضلع رنگاریڈی کے فاریسٹ رینج آفیسر ایس نرسمہا نے بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے تیندوا مویشیوں پر حملہ کررہا ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ ضلع رنگاریڈی کا یاچارم علاقہ جنگلاتی علاقہ سے قریب ہے اور اپنے شکار کیلئے جنگل کے جنگلی جانور اکثر گاؤں میں گھس آتے ہیں ۔ نرسمہا نے کہا کہ انہوں نے میڈی پلی علاقہ کا معائنہ کیا ہے اور پیروں کے نشان سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ مادہ تیندوا اس علاقے میں سرگرم ہے ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے اور مویشیوں کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے ۔