تین بچوں کی ماں دسویں کے سرکاری امتحان میں کامیاب

   

سری نگر : شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے گلگام علاقے کی رہنے والی سبرینہ خالق نے دسویں جماعت کے پرائیویٹ بورڈ امتحانات میں ٹاپ کیا ہے۔ تین بچوں کی ماں 10ویں جماعت کے سالانہ امتحان میں ٹاپ کر کے شادی شدہ خواتین کے لئے ایک تحریک بن گئی ہے۔ سبرینہ نے 500 میں سے 467 نمبرات حاصل کئے ہیں، جو پورے وادی کشمیر میں سب سے زیادہ 93.4 فیصد کے ساتھ اور اے ون گریڈ کے چار مضامین ریاضی، اردو، سائنس اور سوشل سائنس میں ہیں۔ سبرینہ نے 2012 میں 9ویں جماعت پاس کرنے کے بعد اگلے سال اس کی شادی ہوگئی اور وہ گھر کے کاموں میں مصروف رہیں۔ سبرینہ کا کہنا ہے کہ میرے لئے پڑھائی کے لیے وقت نکالنا واقعی مشکل تھا، لیکن میں اپنی دو بڑی بیٹیوں کے اسکول جانے کے بعد پڑھائی کرتی تھی اور دن میں کچھ گھنٹے مطالعہ کرتی تھی اور مشکل سوالات کے لئے میں شام کے وقت ان کو سمجھنے کے لئے یوٹیوب کا استعمال کرتی تھی۔