بہتر کارکردگی کے ذریعہ کانگریس حکومت کا نام روشن کریں : ریونت ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد 2 مارچ : ( سیاست نیوز) : نو منتخب صدور نشین نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیام گاہ پہونچ کر خیر سگالی ملاقات کی ۔ صدور نشین نامزد کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبید اللہ کوتوال اور صدر نشین کرسچن اقلیتی مالیاتی کارپوریشن دیپک جان آج صبح چیف منسٹر سے ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی نے تمام نو نامزد صدور نشین کو مبارکباد دی ۔ بالخصوص عبید اللہ کوتوال اور طاہر بن حمدان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کے سینئیر قائدین ہیں ۔ نامزد عہدوں کے آپ اہل اور مستحق ہیں ۔ مجھے دونوں کی قابلیت پر مکمل بھروسہ ہے ۔ بی آر ایس حکومت میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور اردو اکیڈیمی کی سرگرمیوں کو محدود کردیا گیا تھا ۔ ریاست میں حکومت تبدیل ہوگئی ہے کانگریس اقلیتی بہبود میں پابند عہد ہے ۔ ان دو اداروں کی سرگرمیوں کا دوبارہ احیاء کرانا ہے ۔ اس لیے آپ دونوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ کانگریس حکومت میں فنڈز کی کمی نہیں رہے گی ۔ اقلیتوں کی ترقی بالخصوص اردو زبان کے فروغ کیلئے وسیع تر اقدامات کریں ۔ نئی نئی اسکیمات اور پروگرامس تیار کریں ان پر عمل کیلئے حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔ صدر نشین کرسچن اقلیتی مالیاتی کارپوریشن دیپک جان کو بھی مشورہ دیا کہ کرسچن اقلیت کو ترقی دینے اقدامات کریں ۔ اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کا انحصار تینوں اداروں پر ہے ۔ لہذا تینوں صدور نشین بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کانگریس کو مزید اقلیتوں کے قریب کریں ۔ تینوں صدور نشین بہترین کارکردگی کے ذریعہ حکومت کا نام روشن کریں ۔ حکومت ہر ممکن تعاون و اشتراک کرے گی ۔
تینوں صدور نشین نے چیف منسٹر سے ملاقات کرنے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے کام کرنے کے معاملے میں مکمل آزادی ہے ۔ وہ اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ اس موقع پر کانگریس کے قائد فہیم قریشی بھی موجود تھے ۔۔ 2