ثقافتی مرکز ’لا مکان ‘ کو یدھ ویر یادگار ایوارڈ

   

ٹرسٹیز یدھ ویر فاونڈیشن کا اعلان ۔منگل کو کے ایل این پرساد آڈیٹوریم میں تقریب
حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز ) 28 واں یدھ ویر یادگار ایوارڈ اس سال اظہار خیال کی آزادی اور اختراعی خیالات کے مرکز کی حیثیت رکھنے والے ’ لا مکان ‘ کو دیا جائیگا ۔ یہ مرکز حیدرآباد میں ایک مثالی جمہوری اور ترقی پسند کلچرل مرکز بن گیا ہے ۔ مسٹر جئیش رنجن پرنسپل سکریٹری آئی ٹی ‘ صنعت و تجارت منگل 30 اپریل کو شام 6.30 بجے یہ ایوارڈ کے ایل این پرساد آڈیٹوریم ایف ٹی سی سی آئی ریڈ ہلز لکڑی کا پل میں منعقد ہونے والی تقریب میں پیش کرینگے ۔ یہ ایوارڈ ایک توصیف نامہ اور ایک لاکھ روپئے نقد پر مشتمل ہوتا ہے ۔ یہ مرکز اشعر فرحان ‘ بیجو میتھیو ‘ حمیرہ احمد اور الہی ہپۃ اللہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور اسے 13 مارچ 2010 کو شروع کیا گیا تھا ۔ اس مرکز کی پروگرامنگ اکثر و بیشتر عوام کیلئے اہمیت رکھنے والے مذاکرات کے گرد ہوتی ہے ۔ یہاں ایسے مظاہروں کی میزبانی بھی کی جاتی ہے جن پر جنس ‘ سیاست ‘ قبائلی حقوق وغیرہ پر سوال کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے پروگرامس بھی یہاں منعقد کئے جاتے ہیں جن کیلئے کہیں اور پلیٹ فارم دستیاب نہیں ہوتا ۔ لا مکان میں جملہ 12 کیوریٹرس ہیں جو ہر درخواست کا معیار اور مناسبت کے اعتبار سے جائزہ لیتے ہیں۔ لا مکان کی اسپانسر شپ پر واضح پالیسی ہے اور یہاں شراب ‘ تمباکو ‘ یا کارپوریٹ و حکومتی اسپانسر شپ کو قبول نہیں کیا جاتا ۔ بیشتر پروگرامس یا تو مفت ہوتے ہیں یا پھر بہت کم داخلہ چارجس ہوتے ہیں۔ چند ہی برسوں میں لا مکان کو ایک قدیم خاندانی گھر سے ایک کلچرل مرکز میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ اب تک یہاں جملہ 777 ڈرامے ‘ 809 مباحثے ‘ 750 ورکشاپ 481 رقص و موسیقی کے پروگرامس 309 آرٹ شوز اور 383 فلموں کی نمائش بھی ہوچکی ہے ۔ یدھ ویر فاونڈیشن کے ٹرسٹیز نے لامکان کے جوش و جذبہ کی ستائش کی ہے اور اسے یدھ ویر یادگار ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔