ریونت ریڈی و کے سی آر کا جلسوں سے خطاب، جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت، حکومت کسانوں کی امدادی رقم جاری کریگی
حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں کل 20 اپریل تاریخی دن رہے گا جس دن چیف منسٹر ریونت ریڈی اور سابق چیف منسٹر کے سی آر دو علیحدہ مقامات پر عوامی ریالیوں سے خطاب کریں گے۔ سیاسی حلقوں میں چیف منسٹر اور سابق چیف منسٹر کے جلسوں کو طاقت کے مظاہرہ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کے عام جلسے متحدہ کریم نگر ضلع میں منعقد ہوں گے تاہم دونوں کی وجوہات مختلف ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کے ضمن میں جگتیال میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے جس میں سابق چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کے سی آر پہلی مرتبہ عوام کے درمیان دکھائی دیں گے لہذا اس جلسہ عام کو سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے۔ سابق چیف منسٹر جو زیادہ تر فارم ہاوز تک محدود ہوچکے ہیں اور جنہوں نے اسمبلی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی پیر کو جگتیال میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی پر کے سی آر تبصرہ کرسکتے ہیں اور حکومت کی بھی جگتیال کے پروگرام پر نظر ہے۔ جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع کو بی آر ایس طاقت کے اظہار کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ جلسہ عام میں کے ٹی آر، ہریش راؤ کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین شرکت کریں گے۔ دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 20 اپریل کو کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ بیاریج کا دورہ کریں گے۔ 2023 میں بیاریج کے پلرس کے زمین میں دھنسنے کے بعد یہ ناقابل استعمال ہوگیا تھا۔ حکومت نے نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی سفارش پر مرمتی کاموں کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء بیاریج کے معائنہ کے بعد کاٹارم کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس جلسہ میں کسانوں کو رعیتو بھروسہ اسکیم کی دوسری قسط چیف منسٹر جاری کریں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف حملے کی تیاری کے پس منظر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوابی حکمت عملی کے تحت رعیتو بھروسہ اسکیم کی دوسری قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام میں عوام بالخصوص کسانوں کی کثیر تعداد کی شرکت کا امکان ہے۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر، سریدھر بابو اور لکشمن کمار کو جلسہ عام کی کامیابی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ متحدہ کریم نگر ضلع میں ایک ہی دن میں برسر اقتدار اور مین اپوزیشن بی آر ایس کے عام جلسوں نے ریاست کے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ سیاسی مبصرین دونوں جلسوں پر نظر رکھتے ہوئے ریاست میں عوامی رجحان کا اندازہ کریں گے۔ اسی دوران کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے جگتیال کا دورہ کرتے ہوئے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر سے خوف زدہ ہوکر کانگریس نے متوازی جلسہ کا اہتمام کیا ہے تاکہ میڈیا کی توجہ تقسیم کردی جائے۔1؍F