جئے پور: اترپردیش پہنچنے کیلئے مائیگرینٹ ورکر نے سیکل چوری کرلی، سیکل کے مالک کو ”سوری“ کا مکتوب چھوڑا

,

   

جئے پور(راجستھان): لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسری ریاستوں کے مزدور نہایت پریشان ہیں او راپنے وطن جانے کیلئے کسی بھی طریقہ سے جانے کیلئے نکل پڑے ہیں۔ بعض مائیگرینٹ سینکڑوں میل کا سفر پیدل کررہے ہیں تو کوئی بس، ٹرین کے ذریعہ اپنے گاؤں جارہے ہیں۔ کچھ مزدور سیکل پر بھی اپنے گاؤں جارہے ہیں اور ایک مزدور نے گاؤں جانے کیلئے ایک شخص کی سیکل چرالی اور سیکل کے مالک کیلئے ایک مکتوب چھوڑا جس میں اس نے کہا کہ وہ اس کی سیکل لیجارہا ہے اس کیلئے وہ معافی چاہتا ہے۔ یہ واقعہ راجستھان کے بھرت پور کے راراہ گاؤں میں پیش آیا۔

اترپردیش کے بریلی کا رہنے والا ایک مائیگرینٹ مزدور اپنے گاؤں پہنچنے کیلئے بھرت پور سے ایک شخص کی سیکل چوری کرلی اور سیکل مالک کیلئے ایک معافی نامہ بھی چھوڑا۔ انگریزی روزنامہ کی ویب سائٹ ”ہندوستان ٹائمس“ کے مطابق مائیگرینٹ مزدور محمد اقبال اپنے وطن اترپردیش کے بریلی جانے کیلئے بھرت پور کے راراہ گاؤں کے رہنے والے صاحب سنگھ کے گھر سے سیکل چوری کرلی اور ایک معافی نامہ بھی چھوڑا۔ اس معافی نامہ میں لکھا ہوا تھا کہ ”میں مزدور ہوں، مجبور بھی ہوں اور میں آپ کا گنہ گار بھی ہوں۔ آپ کی سیکل لے کر جارہا ہوں۔ مجھے معاف کردینا۔ مجھے بریلی جانا ہے۔ مجھے میرے گاؤں جانے کیلئے دوسرا کوئی ذریعہ نہیں ہے اور میرے ساتھ ایک بچہ بھی ہے۔ یہ معافی نامہ ہندی زبان میں لکھا ہوا تھا۔