جانوروں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے زو پارک میں خصوصی انتظامات

   

ائر کولرس کی تنصیب ۔ پانی کا چھڑکاؤ ۔ خصوصی شامیانے لگائے گئے ۔ ایک ماہ قبل سے ہی ایکشن پلان پر عمل

حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز ) ایک ایسے وقت جبکہ شدید گرمی کے نتیجہ میں انسان بے حال ہو رہے ہیں وہیں جانور بھی اس سے محفوظ نہیں ہیں۔ شدید گرمی کے دوران جانوروں کو گرمی کی شدت سے بچانے کیلئے نہرو زوالوجیکل پارک میں ایک ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے ۔ یہاں جانوروں کیلئے ائر کولرس لگائے گئے ہیں اس کے علاوہ ان پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے ۔ ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے ڈسپنسرس بھی لگائے گئے ہیں اور جانوروں کی غذا کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ببر ‘ شیر اور دوسرے بڑے جانوروں کے انکلوژرس میں بڑے ائر کولرس لگائے گئے ہیں تاکہ تازہ ہوا میسر کروائی جاسکے ۔ اس کے علاوہ ان انکلوژروں میں مخصوص میٹس بچھائی گئی ہیں جن پر پانی ڈالتے ہوئے ٹھنڈک پیدا کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ یہاںخصوصی طور پر درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھنے والا سسٹم بھی لگایا گیا ہے جو درجہ حرارت کے 40 ڈگری تک پہونچنے پر از خود کارکرد ہوجاتا ہے ۔ کچھ انکلوژروں میں پانی چھڑکنے کا لگاتار انتظام بھی ہے اور جانوروں کیلئے ایک اچھا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔ زو انتظامیہ کی جانب سے کچھ مقامات پر درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے بھی خصوصی چھڑکاؤ کئے جا رہے ہیں۔ جانوروں کیلئے خصوصی موسمی غذا کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہاں موسم گرما کے ایکشن پلان کا ایک ماہ قبل ہی سے آغاز کردیا گیا تھا ۔ منظم انداز میں اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔حکام کی جانب سے جانوروں کو معتدل رکھنے کیلئے موسمی میوہ جات کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔