جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹ پیدا نہ کرنے پولیس کو وزیر داخلہ کی ہدایت

,

   

3 کمشنران پولیس کے ساتھ اجلاس، مقامی مساجد میں زائد جماعتوں کے اہتمام کا مشورہ
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی مساجد میں نماز عید کیلئے ایک سے زائد جماعتوں کا اہتمام کرتے ہوئے سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ تمام کو نماز عید کا موقع فراہم کریں۔ انہوں نے شہر اور مضافاتی علاقوں کے تینوں کمشنران پولیس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے جانورو کی منتقلی کے سلسلہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی غیر ضروری طور پر جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹ پیدا کرے اس کے خلاف پولیس کو کارروائی کرنی چاہیئے۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنٹہ کے ساتھ وزیر داخلہ نے بقرعید کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے جانوروں کی منتقلی کے مسئلہ پر پولیس ہراسانی کی شکایات موصول ہورہی ہیں ۔ انہوں نے تینوں کمشنران سے کہا کہ اپنے علاقوں کے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت جاری کریں کہ وہ عوام سے تعاون کریں۔ پولیس کمشنران نے اس سلسلہ میں فوری ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ پولیس کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی اُلجھن کے بغیر قربانی کا فریضہ انجام دیں ۔ بھیڑ بکروں کی خریداری میں کسی قسم کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں البتہ بڑے جانوروں کی خرید و فروخت میں ویٹرنری ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے تاکہ یہ اطمینان ہو کہ یہ جانور کورونا سے محفوظ ہیں۔ قربانی کے جانور کی خریدی کی رسید بھی اپنے ساتھ رکھیں تاکہ راستہ میں کوئی دشواری نہ ہو۔جانور کے کاروباریوں کو چاہیئے کہ کھلی جگہ پر کاروبار کریں۔ پولیس ہمیشہ عوام کی خدمت کیلئے تیار رہے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت ہر عید اور تہوار کو یکساں طور پر مناتی ہے اور تمام سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ تلنگانہ حکومت سیکولرازم کیلئے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالطفر کی طرح عیدالاضحی کی نماز کی عیدگاہوں میں اجازت نہیں رہے گی۔ ہزاروں کی تعداد میں مصلیوں کے درمیان لاک ڈاؤن اصولوں کی پابندی مشکل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے شہر کے ایک مفتی صاحب کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی مساجد میں عید کیلئے دو یا اس سے زائد مرتبہ جماعت کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔ نمازوں کے اہتمام میں مساجد کمیٹیوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے تمام اقدامات کرنے چاہیئے۔ ایک گھنٹہ کے وقفہ سے نمازوں کا اہتمام کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر صحت و صفائی کا خیال رکھیں۔ انہوں نے عید کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی کہ ریاست کی ترقی، امن و امان ، وزیر اعلیٰ کے سی آر کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کریں۔ سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار، کمشنر راچہ کنٹہ مہیش بھاگوت اور کمشنر سائبرآباد سجنار نے شرکت کی۔