جانہوی کپوراور سری لیلا تھرلر فلم کی شونگ نینی تال میں شروع

   

ممبئی، 16 اکتوبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ اداکارہ جانہوی کپور، سری لیلا اور سدھارتھ گپتا کی آنے والی نئی فلم کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ ابھی تک فلم کا نام طے نہیں کیا گیا ہے اور اس کے پہلے شیڈول کی شوٹنگ اتراکھنڈ کے شہر نینی تال میں جاری ہے۔یہ فلم ایک رومانوی تھرلر ہے، جس کی ہدایت کاری امیش بشٹ کررہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ’پگلیٹ‘، ’دی ٹرائل‘ کے سیزن 2 اور ’گیارہ گیارہ‘ جیسے پروجیکٹس کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔ فلم کی کہانی 2 خواتین کے گرد گھومتی ہے، جو ایک ہی مرد کے عشق میں اس قدر مبتلا ہوجاتی ہیں کہ ان کی وابستگی جنون کی شکل اختیارکرلیتی ہے۔ یہ صورت حال کہانی کو دلچسپ اور سنسنی خیز رخ عطا کرتی ہے۔ فلم کی تیاری سے وابستہ ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ ٹیم نے نینی تال میں شوٹنگ کا پہلا شیڈول شروع کردیا ہے اور اس پروجیکٹ کیلئے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سدھارتھ گپتا، سری لیلا اور جانہوی کپور کا ایک تھرلر فلم میں ساتھ آنا ایک دلچسپ امتزاج ہے۔ فی الحال پوری ٹیم کہانی کو پردہ سیمیں پر پیش کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے اور منصوبے کے مطابق شوٹنگ شروع ہوچکی ہے۔ایکتا کپور اور گنیت مونگا کپور اس فلم کو پروڈیوس کررہی ہیں۔ توقع ہے کہ فلم میں محبت اور رشتوں کے تاریک اور پیچیدہ پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ تاہم، فلم کے نام، کرداروں اور دیگر اداکاروں کے بارے میں تفصیلات ابھی خفیہ رکھی گئی ہیں۔دریں اثنا، جانہوی کپور حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی مصنوعی ذہانت سے تیارکردہ ایک قابل اعتراض ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تنازعہ کا شکار ہوئی تھیں۔ یہ ویڈیو ان کی فلم ’دیورا‘ کے ایک منظر سے متعلق تھی، جس میں انہوں نے جونیئر این ٹی آر کے ساتھ کام کیا تھا۔ اداکارہ نے اپنی جنسی نوعیت کے قابل اعتراض ڈیپ فیک ویڈیو پر سخت ردعمل ظاہرکیا تھا۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک طویل نوٹ تحریر کرتے ہوئے ویڈیو تیار کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد رضامندی کے تصور کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور اس طرح کے مواد کو جنسی حملے کے قریب قرار دیا۔