جاوید میانداد پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

   

لاہور : سابق لجنڈ کرکٹر جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے جاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔ اس سے قبل وسیم اکرم، فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔ جاوید نے کہا کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک کرکٹر پاکستان کرکٹ کے معاملات کی سربراہی سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کئے جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی قربانیاں دے کر اس مقام تک پہنچتا ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ جب بھی وہ میدان میں اترتے تھے تو ٹیم اور اپنے ملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتے تھے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کاکہناہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وہ جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان کی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات کا اعتراف ہے۔ 64 سالہ جاوید نے 1975-1996 تک پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 357 انٹرنیشنل میچز میں 31 سنچریوں کی مدد سے 16213 رنز بنائے۔ 1973-74 سے 1993-94 پر مشتمل اپنے ڈومیسٹک کیرئیر میں میانداد نے80 سنچریاں اور 139 نصف سنچریوں بنائیں جہاں انہوں نے 28,663 رنز اسکور کئے تھے۔ جاوید میانداد نے 1975 کا ورلڈکپ 18 سال کی عمر میں کھیلا اور پھر عمران خان کی قیادت میں آسٹریلیا میں 1992 کا ورلڈکپ جیتا۔ انہوں نے چھ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔