ٹورنٹو: جاپانی وزیر اعظم فیومو کیشیدا وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے بات چیت کے لیے جمعرات کو کینیڈا کے دوریپر ہیں۔ کیشیدا ممتاز صنعتی ملکوں کے گروپ آف سیون، یا G7 کے دورے پر ہیں کیونکہ جاپان گروپ کی گردشی صدارت سنبھال رہا ہے۔ٹروڈو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا دونوں رہنما گروپ سیون کی صدارت کے لئے جاپان کی ترجیحات کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی دو طرفہ تجارت کومزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیالات کریں گے۔کشیدا چہارشنبہ کو لندن کے ایک دورے کے بعد کینڈا کے دار الحکومت اوٹاوا پہنچے تھے۔ لندن میں انہوں نے اور برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی سر زمین پر فورسز تعینات کرنے کی اجازت ہو گی۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی کے تعلقات کو قریب تر کرنے کا تازہ ترین اقدام ہے۔ جاپانی وزیر اعظم صدر بائیڈن سے وائٹ ہاؤس میں بات چیت کے لیے جمعے کو واشنگٹن بھی جائیں گے۔اس میٹنگ سے قبل جاپان کے دفاع اور خارجہ امور کے وزراء نے واشنگٹن میں اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کی جہاں انہوں نے چین کے بارے میں مشترکہ خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی تعاون میں اضافے کے ایک معاہدے کا اعلان کیا۔چہارشنبہ کے روز امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جاپان کو 2027 تک اپنے دفاع کے اخراجات میں اضافے کو دوگناکرنے کے حالیہ اقدام پر سراہا۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی نئی اسٹریٹیجیز ، اپنے چیلنجز کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے ان کے منصوبے امریکی اسٹرٹجیز سے بہت زیادہ ہم آہنگ ہیں۔