جب تک دوائی نہیں تب تک لاپرواہی نہیں : مودی

,

   

کووڈ۔19 پر قابو پانے کیلئے ’’ 2 گز کی دُوری ، ماسک ہے ضروری ‘‘، نعرے کیساتھ وزیراعظم کا عوام سے خطاب

بھوپال : وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام سے حد درجہ احتیاط کرنے اپنی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے لئے ایک موثر دوا کی تیاری تک اس وائرس کے تعلق سے کوئی لاپرواہی نہیں برتی جانی چاہئے۔ عوام کو ہر طرح سے محتاط رہنا ہوگا۔ ’’جب تک دوائی نہیں، تب تک ڈھلائی (لاپرواہی) نہیں‘‘ کا نعرہ دیا۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مدھیہ پردیش کے دیہی علاقوں میں 1.75 لاکھ مکانات کی تعمیر کے بعد ورچیول افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ بھارت بائیو ٹیک ، سیرم انسٹیٹیوٹ، زیڈس کڈیلا، پینیسیا بائیوٹیک، انڈین ایمینولوجیکل کے بشمول سات ہندوستانی فارما کمپنیوں نے کورونا کے خلاف ویکسین تیار کرنے کا کام شروع کیا ہے۔ بھارت بائیوٹیک نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ساتھ مل کر کاوکسن دوا تیار کی ہے جس کے آزمائشی مرحلے شروع ہوچکے ہیں۔ ہندوستان بھر کے 12 اداروں میں اس ویکسین کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ جانوروں میں اس ویکسین کی آزمائش کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا ہو یا سوچھ بھارت ابھیان کے تحت تعمیر کیے جانے والے بیت الخلا ہوں، ان سے نہ صرف غریبوں کو سہولیات فراہم ہورہی ہیں، بلکہ یہ انہیں روزگار فراہم کرنے اور بااختیار بنانے کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی ہیں۔ یہ اسکیمیں دیہات کی بہنوں کی زندگی کو تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب غریبوں کی آمدنی اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے تو پھر خود انحصار ہندوستان کا عزم بھی مضبوط تر ہوتا ہے ۔ پہلے دیہاتوں کی بنیادی سہولیات تیار کی گئیں، اب وہاں جدید سہولیات تیار کی جارہی ہیں۔مسٹر نریندرمودی نے کہا کہ کورونا کے اس دور میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت صرف 45 سے 60 دنوں میں مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ عام طور پر اس اسکیم کے تحت مکان بنانے میں اوسطا 125 دن لگتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج گاؤں میں رانی مستری یا مہیلا راج مستری کے لئے بڑی تعداد میں کام کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ صرف مدھیہ پردیش میں ہی 50 ہزار سے زیادہ راج مستریوں کو تربیت دی جا چکی ہے اور ان میں سے 9 ہزار رانی مسریاں ہیں۔پروگرام میں وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے پردھان منتری آواس یوجنا کے ایک مستحق شخص گوالیار کے نریندر نام دیو نے کہا کہ اپنے مستقل مکان کی تعمیر سے ان کے مسائل کم ہوگئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی گوالیار کے نریندر نام دیو نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کس طرح ان کے اہل خانہ پرغموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا تھا۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت انہیں نہ صرف ایک مکان ملا ہے ، بلکہ حفاظتی شیلڈ بھی فراہم ہوگیا ہے ۔ پروگرام کے اختتام پر مسٹر مودی نے ملک کے باشندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کورونا وائرس کی دوا نہیں آجاتی ہے ، انہیں اس کی روک تھام میں سستی نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سب کو کورونا پروٹوکول کے تحت ماسک پہننا اور دو گز دوری رکھنا ہے۔