جدہ ایئرپورٹ سے مسجد الحرام کیلئے فضائی ٹیکسی کا منصوبہ

,

   

ریاض: سعودیہ ایئرلائن کی جانب سے جلد ہی فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ 100 الیکٹریک طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کر لیا گیا ہے۔بجلی سے چلنے والے ڈرون کی طرز کے ان طیاروں میں 6 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ طیارے جدہ انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے مسافروں کو براہ راست حرم مکی الشریف لے جائیں گے۔ اخبار 24 کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں منعقدہ دوسری حج و عمرہ کانفرنس و نمائش میں السعودیہ ایئرلائن کے پولین پر الیکٹریکل طیارے کا ماڈل رکھا گیا ہے۔السعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشن انجینئرعبداللہ الشھرانی نے بتایا کہ بجلی سے چلنے والے ان چھوٹے طیاروں میں 4 سے 6 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ یہ طیارے 200 کلو میٹر تک ایک بار چارج کرنے پر باسانی سفر کرسکتے ہیں۔الیکٹریکل طیاروں کو لینڈنگ کیلئے رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی یہ ڈرون کی طرح عمودی شکل میں اترتے اور پرواز کرتے ہیں جس کیلئے خصوصی انجن تیار کیا گیا ہے۔جرمن ساختہ یہ طیارے حج سیزن میں بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں جن کے ذریعے حجاج کو مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ لے جایا جائے گا۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب موجود ہوٹلوں کی چھت پر بنے ہیلی پیڈ پر انہیں اتارا جائے گا جہاں سے مسافر محض چند منٹ میں حرم شریف میں جاسکیں گے۔