جدہ میں حیدرآبادی احباب کی اردو خدمات قابل فخر

   

محبوب نگر میں ممتاز مجاہدین اردو کا استقبال، مختلف علمی و ادبی شخصیتوں کا خطاب

محبوب نگر ۔ 11 اگست (ذریعہ میل) ممتاز مجاہدین اردو مسرز خالد حسین مدنی نائب صدر جدہ اردو اکیڈیمی جدہ سعودی عرب و جناب لیاقت علی خاں جنرل سکریٹری نورا ایجوکیشن سوسائٹی حیدرآباد کا بتاریخ 6 اگست کہکشاں ہال محبوب نگر استقبال کیا گیا اور جلسہ تہنیت زیر صدارت جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جناب سید نعیم الدین باری جنرل سکریٹری اردو اکیڈیمی جدہ نے کہا کہ ان احباب کی اردو خدمات پر محبان اردو ناز کرتے ہیں۔ اردو اکیڈیمی جدہ میں حیدرآبادیوں نے اپنے خون جگر سے صحرائی علاقہ کو سیراب کیا ہے جن میں قابل ذکر غلام آصف صمدانی، جمال قادری، سلیم فاروقی وغیرہ شامل ہیں۔ موجودہ عہدیداران اکیڈیمی جناب حافظ عبدالسلام و دیگر احباب بھی اردو خدمات کو گلے لگاتے ہوئے مختلف انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو قابل تحسین بات ہے۔ جناب خالد حسین مدنی نائب صدر نے بزم کہکشاں محبوب نگر کی دیرینہ اردو خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور پیراڈائز فنکشن ہال کے محبوب نگر میں قیام کی ستائش کی اور کہا کہ اس پیراڈائز فنکشن پیالیس میں بھی وقتاً فوقتاً اردو کے جلسے و مشاعرے و طلباء میں تقریری و تحریری مقابلے منعقد کئے جائیں تاکہ اردو پھلتی پھولتی رہے، جناب لیاقت علی خاں جنرل سکریٹری نورا ایجوکیشن سوسائٹی حیدرآباد نے بھی محبوب نگر کی دیرینہ اردو خدمات کو مبارکباد دی ہے۔ آخر میں سید نعیم باری نے ان احباب سے اظہار تشکر کیا۔