وزیراعظم نریندر مودی نے آب و ہوا کی تبدیلی کے پیش نظر جدید تکنیک اور آلات گاؤں گاؤں تک لے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فصل کی لاگت میں کمی آئے گی اور ناموافق حالات میں کسان بہتر پیداوار حاصل کرسکیں گے۔ وزیر اعظم مودی نے آب و ہوا کی تبدیلی کے پیش نظر خصوصی فوائد والی نئی تیار کردہ 35 فصل کی اقسام کو جاری کئے جانے اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل اسٹریس مینجمنٹ، رائے پور کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے موسم اور نئے حالات نہ صرف فصلوں بلکہ مویشیوں کے لیے بھی سنگین چیلنج ہیں۔ نئے حالات میں زیادہ غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کے لئے بیجوں کی نئی اقسام پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔