کوکٹ پلی میں قتل کی سنگین واردات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کوکٹ پلی کے علاقہ میں دو ساتھیوں کے درمیان جھگڑے میں ایک کا قتل کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مکیش اور خاں دونوں ایک کمرے میں رہتے تھے ۔ ان کے درمیان رقمی لین کا جھگڑا چل رہا تھا اور کل رات بھی ان کے درمیان جھگڑا ہوا اور خان نے مکیش کے سینہ پر مبینہ طور پر حملہ کردیا اور اس حملہ میں مکیش فوت ہوگیا ۔ کوکٹ پلی پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ دونوں راجیو گاندھی نگر علاقہ میں ایک کمرے میں رہتے تھے ۔ قتل سے قبل بھی دونوں کے درمیان رقمی لین دین پر بحث ہوئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع m/b
ممبئی سے حیدرآباد منتقل کی جارہی حوالہ کی رقم ضبط
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعہ منتقل کی جارہی حوالہ کی رقم کو ضبط کرلیا ۔ حوالہ کی رقم ممبئی سے سکندرآباد منتقل کی جارہی تھی کہ ریلوے پولیس نے تلاشی کے دوران اس ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار روپئے ضبط کرلیا اور ایک شخص کو حراست میں لے لیا جس کی شناخت وجئے امباداس گپتا کی حیثیت سے کرلی گئی جو مہاراشٹرا کے امراوتی کا ساکن ہے ۔ ریلوے پولیس کے مطابق وجئے امبا داس سنتوش ناتھ نامی شخص جو ممبئی میں جیویلری کا کاروباری ہے اس کے اشارے پر رقم کو حیدرآباد لایا تھا اور اس رقم کو جو حوالہ کی بتائی جارہی ہے سکندرآباد میں بنٹی نامی زیورات کے تاجر کے حوالے کرنی تھی ۔ اس کام کے لیے وجئے کو 5 ہزار روپئے کمیشن دیا گیا تھا ۔ سید نعیم الدین جاوید ڈی ایس پی ریلوے پولیس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتائی ۔ ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار روپئے رقم کا کوئی حساب اور موثر اکاونٹ نہ ہونے کے سبب رقم کو ضبط کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع m/b
کمسن بچی کے ساتھ غیرانسانی حرکت کرنے والے شخص کو 20 سال کی سزا اور 50 ہزار جرمانہ
حیدرآباد۔ 27 مئی (سیاست نیوز) پاکسو کی خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت نے ملزم کو 20 سال کی سزا اور 50 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے۔ سال 2021ء راجندر نگر پولیس کے ایک مقدمہ میں عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم آٹو ڈرائیور 46 سالہ سید یوسف ساکن چندرائن گٹہ پر جرم ثابت ہونے اور مضبوط گواہوں اور چارج شیٹ کو دیکھتے ہوئے عدالت نے فیصلہ سنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے 4 سالہ بچی کے ساتھ غیرانسانی حرکت کی تھی۔ آٹو میں بچی کو سوار کرنے کے دوران اس پر الزام تھا کہ اس نے بچی کے نازک اعضاء کو نقصان پہونچایا اور بچی زخمی ہوگئی تھی۔ بچی کی والدہ کی شکایت کے بعد راجندر نگر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا اور آج عدالت نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے متاثرہ بچی کو 3 لاکھ روپئے معاوضہ منظور کیا ہے۔ عJM
رین بازار قتل کیس کے دو ملزمین گرفتار
حیدرآباد۔ 27 مئی (سیاست نیوز) ساتھی کی مدد سے سگے بھائی کا قتل کرنے والے شخص اور اس کے ساتھی کو پولیس رین بازار نے گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز رین بازار پولیس حدود میں قتل کی واردات پیش آئی تھی۔ پولیس کے مطابق حبیب پاشاہ کا قتل کردیا گیا تھا۔ مقتول کے حقیقی بھائی محمد فاروق پاشاہ نے اپنے ساتھی شیخ عبدالکریم کے ساتھ مبینہ طور پر واردات کو انجام دیا تھا۔ خاندانی جھگڑوں کے سبب یہ واردات پیش آئی تھی۔ رین بازار پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ محمد فاروق پاشاہ ساکن یاقوت پورہ اور 26 سالہ شیخ عبدالکریم ساکن بنڈلہ گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ دونوں پیشہ سے روٹی بنانے کا کام کرتے تھے۔ عJM