نظام آباد ۔ 12 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے نظام آباد ڈیویژن میں زیر التوا مقدمات اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے جکران پلی پولیس اسٹیشن میں جائزہ لیا۔ اجلاس میں نظام آباد اے سی پی پرکاش یادو، سی سی آر بی اے سی پی گرو نائیڈو، انسپکٹر آر انجیا، اسپیشل برانچ انسپکٹر سری دھر ریڈی کے علاوہ سرکل انسپکٹرس، ایس ایچ اوز، سب انسپکٹرس اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ مسٹر سائی چیتنیا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاستی ڈی جی پی کی ہدایات کے مطابق منشیات اور گانجہ کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھی جائے اور ملوث افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے سائبر جرائم کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے، آن لائن دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں کو فوری مدد فراہم کرنے اور سوشل میڈیا پر جھوٹی یا اشتعال انگیز پوسٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ اجلاس میں قتل، اقدام قتل، چوری، خواتین کے خلاف جرائم، سائبر فراڈ، منشیات و گانجہ، جوئے اور گٹکھا کی غیر قانونی تجارت سے متعلق مقدمات کا جائزہ لیتے ہوئے زیر التوا کیسوں کو تیزی سے مکمل کرنے اور متاثرین کو جلد انصاف فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ پولیس کمشنر نے روڈی شیٹرز، سابقہ جرائم میں ملوث افراد اور ضمانت پر رہا ہونے والوں کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھنے، رات کی گشت کو مزید مؤثر بنانے اور مشتبہ افراد و گاڑیوں کی سخت جانچ کی ہدایت دی۔ خواتین کی سلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے شی ٹیمس، ایگل ٹیمس اور چیتا فورس کو مزید مؤثر انداز میں کام کرنے اور تعلیمی اداروں، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر عوامی مقامات پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ جرائم کی روک تھام کے لیے سی سی کیمروں کے استعمال کو وسعت دینے اور جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔عوام میں روڈ سیفٹی قواعد کے بارے میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے اور ڈائل 112 کی سہولت سے متعلق تشہیر کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ آئندہ تہواروں کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کرنے، گاڑیوں کی 24 گھنٹے جانچ جاری رکھنے اور چیکنگ کے دوران کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ امن و امان کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر پولیس عہدیدار عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے۔