جرمنی میں اندرون چھ سال تقریباً پانچ لاکھ ملازمتیں ختم

   

برلن ۔ 19 اکتوبر (ایجنسیز) جرمنی کے صنعتی شعبہ میں 2019 کے بعد سے تقریباً پانچ لاکھ ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں۔ پیر کو جاری ہونے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق، ملک کی صنعت کو روزگار کے حوالے سے نمایاں کمی کا سامنا ہے۔ اقتصادی تحقیق کے ادارے آئیفو انسٹی ٹیوٹ کے ایک جائزے کے مطابق، 2019 کے آغاز کے مقابلے میں 2025 کے اختتام تک جرمنی کی صنعتی کمپنیوں میں ملازمین کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 96 ہزار کم ہو گئی، جو 7.1 فیصد کمی کے برابر ہے۔ یورپ کی سب سے بڑی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جانے والی گاڑیوں کی صنعت اس صورت حال سے خاص طور پر متاثر ہوئی ہے۔ کار ساز کمپنیوں اور ان کے سپلائرز میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 23 ہزار 500 ملازمتیں ختم ہوئیں، جو اس شعبہ میں 13 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ آئیفو انسٹی ٹیوٹ کے مطابق، دھات سازی کی صنعت میں بھی ایک لاکھ 15 ہزار 600 ملازمتیں کم ہوئیں، جبکہ مشینری کے شعبہ میں 64 ہزار 500 ملازمتیں ختم کر دی گئیں۔ اس کے برعکس، 2019 کے بعد سے خدمات کے شعبے میں 22 لاکھ سے زیادہ نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ادارے کے مطابق، ان میں زیادہ تر روزگار صحت، سماجی خدمات اور سرکاری انتظامیہ کے شعبوں میں پیدا ہوا۔