جرمنی میں مسلم آرٹسٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی

   

برلن : جرمنی میں کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کرتے ہوئے محبوبہ مقصودی کے فن پارے کو منتخب کیا گیا ہے۔ افغان نژاد جرمن شہری یہ خاتون میونخ میں مقیم ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون معاصر کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ محبوبہ مقصودی کو اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ وہ جرمنی کے خصوصی کرسمس اسٹیمپ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ ڈی ڈبلیو کی ٹیم نے جب ان سے ملاقات کی تو وہ میونخ میں اپنے اسٹوڈیو میں رنگا رنگ فن پاروں کے درمیان بیٹھی تھیں۔ اس سال کے خصوصی کرسمس اسٹیمپ پر اپنے فن پارے کو شامل کیے جانے پر انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔مقصودی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے فن کے ذریعہ لوگوں کو سوچنے اور غور و فکر کی ترغیب دینا چاہتی ہیں۔ ان کے بقول اُنہیں خوشی ہو گی اگر یہ اسٹیمپ لوگوں کو دوبارہ روحانیت، قدرت، فردوسی نور کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرے۔ جرمن ڈاک سروس، ڈوئچے پوسٹ، نے 1969 میں کرسمس اسٹیمپ کا اجرا شروع کیا تھا۔ تب سے لے کر اب تک کسی خاتون یا معاصر زندہ فنکار کے فن پارے کو کبھی بھی ان اسٹیمپس پر نہیں چھاپا گیا تھا۔