برلن : جرمن پارلیمنٹ نے رات گئے انتہائی دائیں بازو کی حمایت سے امیگریشن قانون منظور کر لیا اور اس نئے قانون کی منظوری کے بعد جرمنی نے آج اپنی سرحد پر بارڈر کنٹرول سیکیورٹی بھی لگا دی ہے۔جرمنی کی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں امیگریشن پر سخت پابندیوں پر زور دیا گیا ہے۔اس قرارداد کو انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی کی حمایت حاصل ہے۔یہ تحریک 23 فروری کو ہونے والے انتخابات سے قبل قدامت پسند حزبِ اختلاف کی طرف سے لائی گئی تھی اور اس کی حمایت اے ایف ڈی پارٹی نے بھی کی تھی۔ جرمن پارلیمنٹ نے اس قرارداد کو 348 ارکانِ پارلیمنٹ کی حمایت سے منظور کیا ہے جبکہ 345 ارکانِ پارلیمنٹ نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا اور 10 غیر حاضر تھے۔یاد رہے کہ یہ قرارداد جرمنی میں افغان شہری کی جانب سے کیے گئے چاقو حملے کے نتیجے میں 2 سالہ بچے سمیت 2 افراد کی ہلاکت کے بعد منظور کی گئی ہے۔