جرمن چانسلر کا سال نو پر خطاب، اتحاد پر زور

   

برلن: جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا کہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ ہمارے اور ہمارے ملک کے لیے ایک سخت امتحان ہے۔ انہوں نے توانائی کے بحران کے دوران عوامی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ جرمنی کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے سال نو کے اپنے پیغام میں جرمن عوام سے کہا ہے کہ جس طرح انہوں نے 2022 کے دوران زبردست ہم آہنگی اور طاقت و اعتماد کا مظاہرہ کیا، اسی طرح وہ نئے سال میں بھی اپنی ہمت و حوصلہ بر قرار رکھیں۔ جرمن چانسلر کا یہ خطاب نئے سال کے آغاز کے موقع پر ہفتہ کی شب نشر کیا جائے گا، تاہم اس خطاب کی تحریری شکل ڈی ڈبلیو کو قبل از نشر فراہم کی گئی ہے۔ شولس نے کہا کہ 2022 ایک مشکل برس تھا، تاہم ، جرمنی بھی ایک مضبوط ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک ایک روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے تندہی اور محنت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے جرمن عوام سے کہا کہ آنے والے سال میں بھی وہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں۔