جسمانی ہئیت بڑھانے کے انجیکشن فروخت کرنے والے تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون اور ایس آر نگر پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا جو ایٹررائٹ انجیکشن اور ٹیبلیٹ فروخت کررہے تھے جو جِم میں بازوؤں کو اُبھارنے اور جسمانی ہئیت میں اضافہ کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ اس غیر قانونی سرگرمی کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے 40 سالہ اوم پرکاش ساکن صنعت نگر، 38 سالہ ایس نریش ساکن عنبرپیٹ اور 27 سالہ سید فاروق ساکن چندرائن گٹہ کو گرفتار کرلیا جبکہ وشاکھاپٹنم کا ساکن اویناش مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے180 انجیکشن ، 1100 ٹیبلیٹ جن کی مالیت ایک لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ جِم میں اپنی جسمانی ہئیت کو اُبھارنے اور اضافہ کرنے کیلئے نوجوان نسل میں انہیں فروخت کیا جارہا تھا جو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہورہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان انجیکشنس اور ٹیبلیٹ کے استعمال سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں اور اکثر ان کا استعمال قلب پر حملہ کا سبب بن رہا ہے۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ اوم پرکاش جو صنعت نگر علاقہ کا ساکن ہے پہلے جم میں بحیثیت ٹرینر کام کرتا تھا جس نے آسان انداز سے پیسہ کمانے کا منصوبہ بناتے ہوئے ان خطرناک انجیکشنس کی فروخت شروع کردیا۔ پولیس نے اطلاع کے بعد کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ع