شملہ:جسٹس امجد احتشام سعید نے آج ہماچل ہائی کورٹ کے 27ویں چیف جسٹس کا حلف لے لیا۔ انھیں ہماچل پردیش کے راج بھون میں گورنر نے عہدہ و رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے نئے چیف جسٹس کا استقبال کیا اور ساتھ مل کر ریاست کے لیے کام کرنے کی بات کہی۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کولجیم کی سفارش پر جسٹس امجد سعید ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر کئے گئے ہیں۔ جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے انھیں حلف دلایا اور اب جسٹس امجد 21 جنوری 2023 تک ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں گے۔21 جنوری 1961 کو پیدا امجد سعید نے سال 1984 میں بامبے یونیورسٹی سے قانون میں گریجویٹ کی ڈگری حاصل کی۔ وہ بامبے ہائی کورٹ میں اسسٹنٹ سرکاری وکیل بھی رہے۔ 25 مئی کو سابق ہماچل ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد رفیق 62 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد ریٹائر ہوئے تھے۔ اس کے بعد جسٹس سبینا کو ہائی کورٹ کا کارگزار چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔