جسٹس اوجل بھویاں کی چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کی حیثیت سے حلف برداری

   

گورنر سوندرا راجن نے حلف دلایا، چیف منسٹر کے سی آر ، ہائی کورٹ کے ججس اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد۔/28 جون، ( سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کی حیثیت سے جسٹس اوجل بھویاں نے آج حلف لیا۔ راج بھون میں حلف برداری کی متاثر کن تقریب منعقد ہوئی جس میں صبح 10 بجے ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے جسٹس اوجل بھویاں کو حلف دلایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہ نشین پر موجود تھے۔ حلف برداری کی تقریب صرف 5 منٹ میں اختتام کو پہنچی۔ صبح 9:30 بجے سے مدعوئین اور اہم شخصیتوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹھیک 9:55 بجے صبح گورنر سوندرا راجن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور جسٹس اوجل بھویاں ہال میں داخل ہوئے۔ شہ نشین پر پہنچتے ہی قومی ترانہ کی دھن بجائی گئی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کارروائی چلائی اور رجسٹرار ہائی کورٹ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کی جانب سے جسٹس اوجل بھویاں کے تقرر کے سلسلہ میں جاری کردہ وارنٹ کو پڑھ کر سنایا۔ گورنر نے وارنٹ آف اپواینٹمنٹ جسٹس بھویاں کے حوالے کیا۔ گورنر سوندرا راجن نے انگریزی زبان میں چیف جسٹس کو حلف دلایا اور گورنر نے مکمل حلف نئے چیف جسٹس کو پڑھایا۔ جسٹس بھویاں نے خدا کے نام پر حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد انہوں نے رجسٹر میں دستخط کئے جس کے بعد گورنر اور چیف منسٹر نے گلدستے پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے آخر میں قومی ترانہ کی دھن بجائی گئی۔ تقریب کے اختتام پر تمام اہم شخصیتوں نے ہائی ٹی میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی ، ریاستی وزراء اندرا کرن ریڈی، ستیہ وتی راٹھور، اسپیکر قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، ہائی کورٹ کے ججس اور عوامی نمائندوں کی کثیر تعداد اس موقع پر شریک تھی۔ واضح رہے کہ جسٹس اوجل بھویاں کو ترقی دے کر تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس عہدہ پر فائز جسٹس ستیش چندر شرما کا دہلی ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا۔ آسام سے تعلق رکھنے والے جسٹس اوجل بھویاں 17 اکٹوبر 2011 کو گوہاٹی ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج مقرر کئے گئے۔ 2013 میں انہیں مکمل جج کا درجہ دیا گیا۔ 3 اکٹوبر 2019 کو ممبئی ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا۔ 22 اکٹوبر 2021 سے جسٹس بھویاں تلنگانہ ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ جسٹس بھویاں کے والد سچیندر ناتھ بھویاں ممتاز قانون داں تھے۔ انہوں نے آسام ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 2 اگسٹ 1964 کو جسٹس بھویاں کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے آسام میں تعلیم کی تکمیل کی۔ر