آنجہانی کی یوم پیدائش پر تقریب ، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر اور گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) جسٹس کونڈ ا مادھو ریڈی کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر جے کے ایم آر فاونڈیشن کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ جس کی صدارت گورنر تلنگانہ و پوڈیچری شریمتی تمیلی سائی سوندراجن نے کی او رمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے نائب صدر جمہوریہ اور چیرمین راجیہ سبھا جگدیپ دھنکر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر محکمہ ڈاک کی جانب سے ایک خصوصی ٹکٹ جاری کیا گیاجو آنجہانی جسٹس کونڈا مادھو ریڈی سے موسوم کیاگیاہے۔ پوسٹل ٹکٹ کی اجرائی جگدیپ دھنکر کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ خیرمقدمی خطبہ سابق رکن پارلیمنٹ وچیرمین جے کے ایم آر فاونڈیشن نے دیا۔تقریب کے آغاز سے قبل جگدیپ دھنکرکے ہاتھوں شمع روشن کی گئی ۔ تقریب سے صدراتی خطاب کرتے ہوئے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سواندراجن نے جسٹس کونڈا مادھو ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ تلنگانہ میںملکی قانون کے نفاذ میں جسٹس کونڈا مادھو ریڈی کے رول کو فراموش نہیںکیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے غیر جانبدارانہ فیصلوں کے لئے مشہور جسٹس کونڈا مادھو ریڈی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ گورنر بھی رہے ہیں۔انہوں نے کونڈا فیملی کو اپنے اسلاف کے کارناموں کو جاری رکھنے کے لئے مبارکباد بھی پیش کی ۔نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر نے خطاب کرتے ہوئے جسٹس کونڈا مادھو ریڈی کے قانونی شعبوں میںتعاون کو ایک تاریخ قراردیا ۔ جگدیپ دھنکر نے موجودہ دور حکمرانی کو امرت کال قراردیتے ہوئے شعبہ قانون میںلائے جارہے اصلاحات کی ستائش کی او رکہاکہ ان سخت او ربے باکانہ اقدامات کا راست فائدہ ملک کی عوام کو ہوگا۔حالیہ دنوں میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میںمنظور کئے گئے تین قوانین کو نوآبادیاتی میراث کا خاتمہ قراردیا ۔تقریب میں چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک اردھی‘ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ حیدرآباد سرکل پی وی ایس ریڈی‘ ڈاکٹر سودیش دھنکر‘ سابق سالسیٹر جنرل آف انڈیا وی راج گوپال ریڈی‘ سابق جج سپریم کورٹ جسٹس بی سدرشن ریڈی‘ جسٹس چیلمیشوار ‘ سابق پروفیسر عثمانیہ یونیورسٹی رام چندر ریڈی کے علاوہ مری ششی دھر ریڈی ‘ سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی اور شہر حیدرآباد کی سرکردہ شخصیتیں بھی شریک تھیں۔جے کے ایم آر فاونڈیشن کے ذمہ داران کی جانب سے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔