جعلی کرنسی تیار کرنے والی ٹولی بے نقاب، پانچ افراد گرفتار

   

کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) جعلی کرنسی تیار کرنے والی 5 رکنی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے 16 لاکھ کے جعلی نوٹس برآمد کرلئے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ سی ایچ سنتوش کمار ہے جو پیشہ سے فوٹو گرافر ہے وہ اپنے ساتھیوں جانکی سائی کمار، ڈی نیرج کمار، جے راجو اور ایس سرینواس کی مدد سے جعلی کرنسی کا ریاکٹ چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سنتوش کمار جو پیشہ سے فوٹو گرافر ہے بڑی فوٹو اسٹوڈیو کھولنے کا خواہشمند تھا اور اس سلسلہ میں اپنے دوست سائی کمار سے بھی خواہش ظاہر کی تھی۔ مذکورہ افراد معاشی پریشانیوں سے دوچار تھے جس کے نتیجہ میں سائی کمار اور سنتوش کمار نے جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس سلسلہ میں ایک لیاپ ٹاپ، کلر پرنٹر، اسکانر حاصل کرتے ہوئے پہلے سدی پیٹ علاقہ میں جعلی کرنسی چھاپنے لگے۔ انجنی کمار نے کہا کہ 500 روپئے کی نوٹ تیار کرتے ہوئے یہ ریاکٹ چلا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں کے بنڈلس میں اصلی نوٹ اوپر رکھتے تھے اور بڑی چالاکی سے کلر پرنٹر کے ذریعہ جعلی کرنسی تیار کرتے ہوئے اسے شہر میں گشت کرانے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کرنسی تیار کرتے ہوئے اسے بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کا منصوبہ بھی رکھتے تھے لیکن ٹاسک فورس پولیس کو اس کی اطلاع ملنے پر یوسف گوڑہ چیک پوسٹ کے قریب انہیں گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 500 روپئے، 200 روپئے اور 50 روپئے کے نوٹ بھی برآمد کرلئے گئے اور گرفتار شدگان کو جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔B