روم : یورپی یونین میں قانون نافذ کرنے والے ادارے یوروپول کے مطابق اٹلی کے شہر نیپلز میں گزشتہ ہفتہ ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس پر تقریبا 11 ملین یورو ( 12 ملین ڈالر) مالیت کے جعلی یورو نوٹ تیار کرنے کا شْبہ ہے۔ یوروپول کے حکام کا پیر کے روز کہنا تھا کہ ملزم گرفتاری سے قبل یورپ بھر میں تقریباً آٹھ ملین یورو مالیت کے جعلی نوٹ فروخت کر چکا تھا۔ قانونی وجوہات کی بنا پر پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سب سے زیادہ جعلی نوٹ فرانس کی مارکیٹ میں استعمال کیے گئے جبکہ تین ملین یورو مالیت کے نوٹ چھاپے کے وقت لیبارٹری میں تیار شدہ حالت میں ملے ہیں۔ ملزم ایک بنکر نما لیبارٹری میں نوٹ تیار کرتا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق 2023 میں جتنے میں جعلی نوٹ پکڑے گئے، ان میں سے 27 فیصد جعلی نوٹوں کا ذمہ دار یہی ملزم تھا۔