جـــرائـــم و حـــادثــات

   

آوٹر رنگ روڈ پر فائرنگ ، بین ریاستی عادی مجرم گرفتار
ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث ، کانسٹبل زخمی ، نلگنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : یکم / جولائی (سیاست نیوز) آوٹر رنگ روڈ بونگولورو گیٹ آدی بٹلہ کے قریب منگل کی شب اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پولیس کو مطلوب بین ریاستی عادی مجرم نے پولیس کانسٹبل پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ جس کے جواب میں پولیس نے اس پر فائرنگ کردی ۔ تفصیلات کے مطابق آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے بھوشمی سریکانت جو آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں کئی وارداتوں میں ملوث ہے منگل کی شب گوڈس کیرئیر گاڑی میں آدی بٹلہ سے گزررہا تھا کہ اس کا تعاقب کرنے والی ضلع نلگنڈہ کی پولیس ٹیم نے اسے روکنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں اس نے پولیس ہیڈ کانسٹبل وشنو وردھن گری پر حملہ کردیا ۔ پولیس نے سریکانت کا محاصرہ کرلیا لیکن وہ وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ پولیس نے اس کے پیر پر گولی ماردی اور اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ زخمی مجرم سریکانت کو پولیس نے فوری ونستھلی پورم ایریا ہاسپٹل منتقل کیا اور بعد علاج اسے نلگنڈہ منتقل کردیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد آؤٹر رنگ روڈ بونگولورو گیٹ کے قریب سنسنی پھیل گئی اور آدی بٹلہ اور دیگر پولیس ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر ضلع نلگنڈہ کی پولیس کو مدد فراہم کی ۔ پولیس کے مطابق سریکانت آندھراپردیش کا متوطن ہے اور وہ سلسلہ وار سرقہ اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ 4 سال قبل اس نے سابقہ پولیس کانسٹبل کے قتل میں بھی ملوث تھا۔بy/

پہاڑی شریف میں نوجوان کا بیہمانہ قتل
حیدرآباد : یکم / جولائی (سیاست نیوز) پہاڑی شریف علاقہ میں ایک نوجوان کا بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ اویس ساکن کنگس ایونیو کالونی بنڈلہ گوڑہ کی نعش مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی ۔ مذکورہ نوجوان ہفتہ سے لاپتہ تھا اور اس کے افراد خاندان نے پہاڑی شریف پولیس میں گمشدگی کی شکایت میرچوک پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ پہاڑی شریف کی مقامی عوام نے صدرنگر گیٹ کے قریب دیوار کے پیچھے اویس کی نعش پائے جانے پر مقامی پولیس کواطلاع دی ۔ اس واقعہ کا پتہ چلنے پر انسپکٹر پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن بی لکشمی نارائنا ریڈی نے موقع واردات پر پہنچ کر کلوز ٹیم کو طلب کرلیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ بy/

جواہر نگر میں ضعیف شخص کا قتل
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ جواہر نگر میں ایک ضعیف شخص کا قتل کردیا گیا۔ کل رات دیر گئے پیش آئے اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ مقتول کی شناخت دیوراج کی حیثیت سے کرلی گئی جو سنتوش نگر علاقہ میں واقع اس کے مکان میں تنہا رہتا تھا۔ دیوراج پر نامعلوم افراد نے اس کے مکان میں داخل ہوکر اس کا بے رحمی سے قتل کردیا۔ اطلاع کے بعد پولیس نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد پولیس نے نعش کو منتقل کردیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ مقامی افراد کے مطابق اسی کالونی سے تعلق رکھنے والے دیوا نامی شخص سے دیوراج کا کل جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس دیوا نے ہی دیوراج کا قتل کیا ہوگا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع؍F

کم عمر بچوں کو جنسی زیادتی کا شکار بنانے والے ملزمین کو سزا
ضلع رنگاریڈی پوکسو عدالت کا فیصلہ ، ملزمین پر بھاری جرمانہ
حیدرآباد : یکم / جولائی (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کی پوکسو کی خصوصی عدالت نے کم عمر بچوں پر جنسی زیادتی کرنے والے دو ملزمین کو سزاء سنائی ۔ پہلے کیس میں 52 سالہ ستیہ نارائنا من مری جو پیشہ سے کارپینٹر بدویل راجندر نگر کا ساکن ہے اس نے 2023 ء میں اپنی پڑوس کی 11 سالہ کم عمر لڑکی کو چاکلیٹ دینے کے بہانے اپنے مکان میں طلب کیا اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور یہ بات والدین کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ متاثرہ لڑکی نے اپنے ماں باپ کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا اور بعد ازاں شی ٹیم نے اس معاملہ میں مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجندر نگر پولیس میں ایک مقدمہ درج کروایا تھا اور بعد ازاں ملزم کے خلاف ایک چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی ۔ عدالت نے آج ملزم ستیہ نارائنا کو قصوروار پائے جانے پر 5 سال کی سزاء قید بامشقت ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا اور متاثرہ لڑکی کو 50 ہزار کا معاوضہ دینے کا حکم دیا ۔ اسی طرح کے اور کیس میں 56 سالہ پی وینو گوپال ساکن آنند نگر کالونی گنڈی پیٹ جو علاقہ میں بینگل اسٹور چلاتا ہے نے 2022 ء میں 11 سالہ کم عمر لڑکی کو اپنی گفٹ ایمپوریم میں کھلونا دینے کے بہانے طلب کیا اور اس سے جنسی زیادتی کی ۔ کم عمر لڑکے نے اپنے ماں باپ کو اس واقعہ کے بارے میں بتانے پر راجندر نگر پولیس سے شکایت درج کی گئی اور پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ پوکسو کی خصوصی عدالت نے ملزم کو قصور وار پائے جانے پر تین سال کی سزاء بامشقت ایک ہزار روپئے جرمانہ اور 50 ہزار روپئے کا متاثرہ لڑکی کو معاوضہ دینے کا حکم دیا ۔ بy/

خاتون کو بلیک میل کرنے اور دھمکانے والا شخص گرفتار
ملزم کا برسر اقتدار پارٹی سے تعلق، چندا نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) خاتون کو بلیک میل کرنے اور دھمکانے کے معاملہ میں پولیس چندا نگر نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق برسر اقتدار پارٹی سے بتایا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس چندا نگر نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور کندی گیانیشور نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ایک خاتون سے دوستی کے بعد اس گرفتار لیڈر پر الزام ہے کہ اس نے اس خاتون کا جنسی استحصال کیا اور تنہائی میں گذارے گئے وقت اور جسمانی وابستگی کی ویڈیوز کو تیار کرلیا اور خاتون نے اس سے مختلف اوقات پر رقم حاصل کی جس کی ادائیگی کے مسئلہ پر اصل جھگڑا شروع ہوا۔ کندی گیانیشور پر الزام ہے کہ اس نے رقم واپس کرنے سے انکار کردیا اور عریاں ویڈیوز کے نام پر خاتون کو بلیک میل کرنے لگا۔ کندی کی ذہنی اذیت اور ہراسانی سے تنگ آکر خاتون نے چندا نگر پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے کندی گیانیشور کو گرفتار کرلیا۔ تاہم اس لیڈر کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کو پولیس کی جانب سے راز میں رکھنا تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ ع؍F

ناقص مچھلی اور جھینگے فروخت کرنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد : یکم / جولائی (سیاست نیوز) گولکنڈہ زون ٹاسک فورس پولیس نے منگل ہاٹ پولیس کی مدد سے مچھلی پورہ بیٹھک علاقہ میں تارا فشریز نامی مچھلی مارکٹ پر دھاوا کرتے ہوئے ناقص 100 کیلو سے زائد جھینگے اور 62 کیلو مچھلی برآمد کرلئے ۔ اس دوکان کے مالکین 24 سالہ شنکر سنگھ ، 32 سالہ مان سنگھ ، 36 سالہ گلاب سنگھ اور 31 سالہ روہت سنگھ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس مارکٹ کا مالک شنکر سنگھ ہے جو بیگم بازار فش مارکٹ سے کم دام پر مچھلی اور جھینگے حاصل کرکے اسے ممنوعہ کیمیکلس کے ذریعہ طویل عرصہ تک رکھ کر اسے شادی کی تقریبات ، ہوٹلس اور دیگر دعوتوں کیلئے کم دام میں فروخت کررہا تھا ۔ علاقہ مچھلی بیٹھک منگل ہاٹ میں اس غیرقانونی مچھلی کے کاروبار سے شدید تعفن آنے کے نتیجہ میں ٹاسک فورس ایڈیشنل ڈی سی پی اے سرینواس راؤ کی زیرنگرانی ٹاسک فورس کی ٹیموں نے وہاں دھاوا کیا اور بھاری مقدار میں ناقص مچھلی اور جھینگے برآمد کرلئے ۔ بy/

میڈیکل شاپس پر ٹاسک فورس ٹیموں کے دھاوے
ادویات کی میعاد ختم ہونے کے باوجود فروخت کرنے کا الزام ، مالکین گرفتار
حیدرآباد : یکم / جولائی (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ خیریت آباد ایم ایس مقطعہ میں واقع ایک میڈیکل شاپ پر ٹاسک فورس ٹیموں نے دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے ادویات کی میعاد ختم ہونے کے باوجود اس کے کاروبار میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایس مقطعہ علاقہ میں ٹاسک فورس کی ٹیموں نے ال زم زم میڈیکل شاپ اور ال شفاء میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور پر اچانک دھاوا کیا اور یہاں پر معائنہ کرنے پر ٹاسک فورس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ کئی ادویات کی میعاد ختم ہونے کے باوجود بھی اس کا کاروبار کیا جارہا تھا ۔ میعاد ختم ہونے والی ادویات کی ایکسپائری ڈیٹ کو حذف کرکے گولیاں اور ٹانک فروخت کی جارہی تھی ۔ اتنا ہی نہیں پروٹین سپلیمنٹس اور انرجی پاؤڈرس وغیرہ کو بھی میعاد ختم ہونے کے باوجود بھی فروخت کیا جارہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے الشفاء زم زم میڈیکل اسٹور کے مالک محمد اظہر الدین اور الشفاء میڈیکل جنرل اسٹورس کے مالک کو بھی گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے یہاں سے 98 ہزار 272 روپئے مالیاتی ادویات برآمد کرلئے اور انہیں خیریت آباد زون کے ڈرگ انسپکٹر کے حوالے کردیا گیا ۔ بy/

پولیس کی ڈرون پولیسنگ کا آغاز، غیر سماجی عناصر اور منشیات کے علاقوں کی نشاندہی،سرورنگر میں دو افراد گرفتار، ملکاجگیری پولیس کی خصوصی مہم
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں فرینڈلی اور کمیونٹی پولیسنگ کے بعد پولیس ملکاجگیری نے ڈرون پولیسنگ کا آغاز کردیا ہے۔ ایسے مقامات اور ٹھکانوں کا پتہ چلانے کے لئے پولیس ان ڈرون کا استعمال کرے گی جہاں تک فوری طور پر پولیس کی رسائی ممکن نہیں بلکہ پولیس نے عصری ٹکنالوجی کو ہر سطح پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ ڈرون کے ذریعہ پولیسنگ میں سرورنگر تالاب کے اطراف سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع ہے کہ سرورنگر تالاب کے اطراف چند مقامات پر چند افراد گروپس کی شکل میں جمع ہو رہے ہیں اور گانجہ کا استعمال کررہے ہیں۔ پولیس ملکاجگیری نے ان ڈرون کے ذریعہ مشتبہ افراد اور خفیہ مقامات پر نظر رکھتے ہوئے ان کی سرگرمیوں کا پتہ چلا رہی ہے۔ اس دوران پولیس نے ایک آٹو میں گانجہ استعمال کررہے چند افراد کا پتہ چلایا اور ڈرون سے حاصل اطلاعات پر فوری پولیس کی ٹیم کو روانہ کیا گیا جس کے سبب گانجہ استعمال کرنے والوں کو پکڑا گیا۔ ملکاجگیری پولیس کا دعویٰ ہے کہ گانجہ کے خلاف جاری مہم میں اب ڈرون پولیسنگ کے ذریعہ بہترین نتائج حاصل کئے جائیں گے اور گانجہ کی منتقلی کے علاوہ استعمال کرنے والوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کا بھی پردہ فاش کیا جائے گا۔ ع؍F