جـــرائـــم و حـــادثــات

   

طوفان سے آندھرا پردیش میں بجلی سے دو افراد جھلس گئے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سمندری طوفان ارنب نے چہارشنبہ کو علی الصبح آندھرا کے ساحل کو عبور کرلیا ۔ ارنب طوفان نے درختوں اور برقی کھمبوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچایا ۔ جب کہ دو الگ الگ واقعات میں دو افراد بجلی سے جھلس گئے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب انتہائی شدید طوفان ارنب نے صبح دو بجے سے آٹھ بجے کے درمیان آندھرا پردیش اور یانم کے ساحلوں کو عبور کیا ۔ اس سے پہلے کہ وہ شدید طوفانی طوفان میں تبدیل ہوجائے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان نے آندھرا پردیش اور یانم کے ساحلوں کو یانم کے جنوب مغرب کے قریب عبور کیا ۔ نرسا پور سے تقریبا 20 کلو میٹر مشرق شمال ، یانم سے 40 کلو میٹر جنوب مغرب اور کاکیناڈا سے 60 کلو میٹر جنوب مغرب میں ساحلی اضلاع کے کئی حصوں میں بھاری بارش ہوئی ان میں سے کچھ 200 ملی میٹر سے زیادہ ہیں ۔ حکام کے مطابق ارنب نامی سمندری طوفان کے دوران پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں دو افراد جن میں ایک 55 سالہ خاتون بھی شامل ہیں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئے ۔ منگل کی رات وشاکھا پٹنم ضلع میں ایک 53 سالہ شخص اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ کھیتوں میں پانی پہنچانے والی نالی کے اوپر ٹوٹ کر گرنے والی بجلی کی زد میں آگیا ۔ پولیس کے مطابق دوسرے واقعے میں چہارشنبہ کی صبح اناکا پلی ضلع کے قصبے یلامانچیلی میں ایک خاتون اپنے گھر کے باہر بجلی کی کھلی تار پر غلطی سے پاؤں رکھنے بعد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے صورتحال کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت کی کہ جلد از جلد معمولات زندگی بحال کئے جائیں ۔۔ ش m/b

آن لائن خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ملازمین سے بینک صارفین کی معلومات کی سائبر مجرموں کو فراہمی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بینکوں میں جمع رقم اور صارفین کی معلومات اب خطرے میں نظر آرہی ہے ۔ آن لائن خدمات اور ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں میں ملازم کچھ بددیانت افراد لوگوں کی ذاتی معلومات چرا کر اسے سائبر مجرموں کو فروخت کررہے ہیں ۔ حال ہی میں حکام کو معلوم ہوا کہ ایس بی آئی کے 3897 کھاتہ داروں کا ڈیٹا لیک ہوا ہے ۔ پولیس بینک عملے کے ساتھ مل کر ہیکرز کو پکڑنے کے لیے جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کررہی ہے ۔ عوامی رقوم کے امین کی حیثیت سے بینک کاروں کو اپنے صارفین کے ڈیٹا اور ایسی رقوم کے حوالے سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔بینک عملے کو اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات کرنی چاہئے کہ اس میں سائبر مجرموں کے گروہ ملوث ہوسکتے ہیں ۔ انہیں متاثرین کا ساتھ دینا چاہئے اگر کوئی مشکوک لین دین نظر آئے تو 1930 یا 112 پر کال کر کے فوری طور پر اس کی اطلاع دینی چاہئے ۔ بینکوں کے عہدیدار جو عوام کی رقوم کے امین ہوتے ہیں انہیں صارفین کو ڈیٹا اور اس طرح کی دھوکہ دہی کے نتیجے میں اپنے کلائنٹس کو ہونے والی مالی نقصانات کے حوالے سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کررہا ہے ۔۔ ش m/b

شہریوں کو خوف زدہ کرنے والے بدغماش نوجوان گرفتار
حیدرآباد۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) آرٹیفیشل انٹلیجنس کے استعمال سے فرضی تصاویر اور پوسٹ کرتے ہوئے شہریوں کو خوف زدہ کرنے والے ایک بدغماش نوجوان کو ناگول پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جو چیتا کی نقل و حرکت کی پوسٹ کرتے ہوئے شہریوں کو خوف زدہ اور سرکاری محکموں کو پریشان کررہا تھا۔ ناگول پولیس نے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے سچن کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے فتح اللہ گوڑہ اور ناگول کے علاقوں میں چیتا کی موجودگی کا ویڈیو وائرل ہوا۔ اپل کے فاریسٹ رینج عہدیداروں نے جب اس ویڈیو کو دیکھا تو سارے علاقہ کا جائزہ لیا اور پولیس کو آگاہ کیا کہ اس علاقہ میں چیتا کی موجودگی یا پھر اس کی نقل و حرکت کا کوئی ثبوت دستیاب نہیں ہوا۔ فاریسٹ عہدیداروں نے جامہ تلاشی اور جانچ کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ناگول پولیس کو اس بات کی اطلاع دی۔ پولیس اور فاریسٹ کے عہدیداروں نے مکمل جائزہ لینے کے بعد اس پوسٹ کو فرضی قرار دیا اور پوسٹ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق سچن نے چاٹ جی پی ٹی کی مدد سے چیتا کی تصویر اور ویڈیو سے فرضی مواد تیار کیا اور ایک ویڈیو کو وائرل کردیا۔ پولیس نے سچن کو پابند کیا اور آئندہ ایسی حرکت کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔عJM

انسپکٹر لیگل میٹرولوجی یادادری رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اینٹی کرپشن بیورو نلگنڈہ رینج نے کے وینکٹیشورلو انسپکٹر لیگل میٹرولوجی یادادری بھونگیر ضلع کو ایک درمیانی شخص کے ساتھ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اے سی بی کی ٹیم نے انسپکٹر وینکٹیشورلو اور کے رویندر جو درمیانی شخص ہے کو 20 ہزار روپئے کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ درخواست گذار کو ویریفیکیشن سرٹیفیکٹ جاری کرنے اور روزانہ کے فروخت کا رجسٹر حوالے کرنے کے لیے انسپکٹر نے 20 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کیا تھا اور رشوت کی رقم درمیانی شخص رویندر کے حوالے کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ اے سی بی نے دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ 15 انسپکٹر اور 5 ہزار درمیانی شخص کے قبضہ سے ضبط کرلیے ۔ ع m/b

بیٹی کا قتل کرنے کے بعد ماں باپ کی خودکشی
حیدرآباد۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) مالی پریشانیوں سے تنگ آکر میاں بیوی نے اپنی کمسن لڑکی کا قتل کردیا اور اجتماعی خودکشی کرلی۔ یہ دردناک واقع کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 31 سالہ گوپی ناتھ اور 26 سالہ سمنتا نے اجتماعی طور پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ ذرائع کے مطابق اس جوڑے نے پہلے اپنی 2 سالہ لڑکی سنگیتا کو کھانے میں زہر ملاکر کھلا دیا اور لڑکی کے مرنے کی تصدیق کے بعد دونوں نے فیان سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے بعد پولیس نے مقام واردات کا جائزہ لیا اور نعشوں کو ہاسپٹل منتقل کردیا۔ پولیس نے مکان کی دیوار پر تحریر کو بھی نوٹ کرلیا جس پر لکھا ہے کہ ان کی موت کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ گوپی ناتھ اور سمنتا نے یہ تحریر درج کی ہوگی۔ چونکہ اس پر لکھا کہ ان کی موت کے بعد کسی سے سوال نہ کیا جائے چونکہ اس اقدام کے وہ خود ذمہ دار ہیں۔ پولیس نے جب مکان کی چھان بین کی تو انہیں تحریری نوٹ بھی دستیاب ہوا جس میں قرض کی تفصیلات پائی گئی۔ قرض کے بوجھ اور مالی پریشانی سے یہ خاندان شدید دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور ان کی موت کے بعد لڑکی کی پرورش اور اس کے مستقبل کے خوف سے پہلے ان دونوں نے لڑکی کا قتل کردیا۔ پولیس کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔عJM

پینے کے لیے پانی مانگنے والے اجنبی شخص کا خاتون پر حملہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اجنبی شخص کو پانی پلانا ایک خاتون کے لیے مہنگا ثابت ہوا جہاں نامعلوم شخص نے خاتون پر قاتلانہ حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگیا ۔ ملک پیٹ حدود کے گڈی انارم علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جس میں 34 سالہ ہیمالتا شدید زخمی ہوگئی ۔ ہمالتا سوریہ پیٹ علاقہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ جو اپنی سہیلوں کے ہمراہ گڈی انارم علاقہ میں کرایہ کے مکان میں رہتی تھی لڑکی گروپ امتحانات کی تیاری میں مصروف تھی ۔ آج صبح ایک اجنبی نے اس کے مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا اور جیسے ہی ہمالتا نے دروازہ کھولا اس نے پینے کے لیے پانی مانگا پانی پینے کے بعد اجنبی نے دست درازی کی کوشش کی جیسے ہی ہما لتا نے اس کو دھکہ دیا اس نے فوری چاقو سے لڑکی پر حملہ کردیا ۔ لڑکی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ۔ ملک پیٹ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ملزم کو تلاش کررہی ہے ۔۔ ع m/b

قتل کیس میں گواہوں کو دھمکانے اور خاندان کے خاتمہ کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار
حیدرآباد۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) فیوچر سٹی پولیس نے قتل کیس میں گواہوں کو دھمکانے اور خاندان کا خاتمہ کرنے کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ شنکرپلی پولیس نے ایک کارروائی میں 25 سالہ شرت کمار کو گرفتار کرلیا جس نے مقتول کے بھائی کو فون پر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور عدالت میں اپنی مرضی کے مطابق بیان دینے کیلئے دباؤ ڈالا، بصورت دیگر سارے خاندان کو جان سے ماردینے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شرت کمار نے پہلے اپنے آپ کو ڈیفنس لائر کے طور پر تعارف کرواتے ہوئے مقتول کرشنا گوڑ کے بھائی سے تمام تفصیلات کو حاصل کرلیا اور عدالت میں بیان دینے کیلئے زور دیا کہ اس قتل کیس سے شرت کمار کا کوئی تعلق نہیں۔ یاد رہے کہ نارے گڈیم سے تعلق رکھنے والی خاتون 65 سالہ انجماں نے اس بیٹے کرشنا گوڑ کی موت پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے شکایت کی تھی اور ناجائز تعلقات کے سبب بیٹے کے قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے اس خاتون کی شکایت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے شرت کمار اور مقتولہ کی بیوی راجیشوری کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا۔ چیوڑلہ پولیس نے یہ کارروائی کی تھی۔ گزشتہ دنوں ضمانت پر رہائی کے بعد شرت کمار نے گواہوں کو دھمکانا شروع کردیا۔ اس خاندان نے شرت کمار کے فون کا جواب دینا بند کردیا تھا جس کے بعد دوسرے نمبر سے فون پر مسلسل دھمکانے لگا۔ خوف کا شکار اس خاندان نے شنکرپلی پولیس سے شکایت کردی اور پولیس نے شرت کمار کو گرفتار کرلیا۔عJM

بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کا سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں بد عنوان اور رشوت خور پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اندرون 12 گھنٹے اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کی گئی کارروائی میں دو پولیس ملازمین کو لاکھوں روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ کل رات میر چوک انسپکٹر اور ہوم گارڈ کی گرفتاری کے بعد آج بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کو اینٹی کرپشن بیورو نے ایک لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق ایک مقدمہ میں شکایت گذار کو گرفتاری سے بچانے اور نوٹس کے ذریعہ معاملہ کی یکسوئی کا دعویٰ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے رشوت کا سب انسپکٹر وجئے کمار نے مطالبہ کیا تھا اور ایک لاکھ روپئے رشوت کی رقم لیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ یاد رہے کہ کل رات اے سی بی نے میر چوک پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کنڈل راؤ اور ہوم گارڈ عابد علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا اور ان کے قبضہ سے تین لاکھ روپئے رشوت کی رقم کو بھی ضبط کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہوم گارڈ عابد علی اس علاقہ میں کافی مصروف ہوم گارڈ تھا جو ہوم گارڈ کے عہدے پر رہتے ہوئے بڑے عہدیداروں میں مبینہ اثر و رسوخ کے استعمال اور تعلقات کا دبدبہ جمایا کرتا تھا اور زیادہ تر معاملات کی یکسوئی اور معاملہ فہمی کے اس ہوم گارڈ پر سنگین الزامات پائے جاتے ہیں ۔ ہر آئے دن پولیس عہدیداروں اور ملازمین کی بدعنوانیوں اور رشوت خوری کا منظر عام پر آنا پولیس کی ساکھ کو متاثر کرنے اور وردی کو شرمسار کرنے کا موجب بنتا جارہا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو کی کارروائیوں کی شہریوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔۔ ع m/b

آن لائن فارمیسی سے وابستہ میڈیکل شاپس کیخلاف کارروائی
32 میڈیکل شاپس کو وجہ نمائی نوٹس ، ٹی جی سیف کی مہم
حیدرآباد، 28 اکتوبر (سیاست نیوز): تلنگانہ اسٹینڈرڈس اتھاریٹی فار فوڈ اینڈ اسنشل ڈرگس (ٹی جی سیف) کے ڈرگس ونگ نے آن لائن فارماسیز سے وابستہ میڈیکل شاپس کے خلاف خصوصی مہم چلاتے ہوئے (CURE) کے حدود میں 106 میڈیکل شاپس کا معائنہ کیا۔ اس دوران قواعد کی خلاف ورزیوں پر 32 میڈیکل شاپس کو وجہ نما نوٹس جاری کی گئی ہیں۔ ٹی جی سیف کی جانب سے 28 اکتوبر کو پولیس کے انفورسمنٹ ونگ اور محکمہ آبکاری کے انفورسمنٹ عملہ کے اشتراک سے یہ مہم چلائی گئی۔ اس کا مقصد آن لائن ادویات کی فراہمی سے وابستہ فارمیسیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینا اور ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 اور اس کے تحت وضع کردہ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنانا تھا۔ معائنوں کے دوران ٹاٹا 1 ایم جی، نیٹ میڈس، زیپٹو، اپولو 24/7، میڈ پلس مارٹ اور انسٹا مارٹ جیسی آن لائن ادویات کی فراہمی کی خدمات سے وابستہ میڈیکل شاپس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کارروائی میں آن لائن فارمیسی آپریٹرس کے لائسنس یافتہ مراکز اور ان سے مربوط پارٹنر فارمیسیوں کا معائنہ کیا گیا۔ ٹی جی سیف نے واضح کیا کہ آن لائن پلیٹ فارمس سے وابستہ میڈیکل شاپس سمیت تمام ادویات کی دکانوں کے لیے قانونی ضوابط پر عمل آوری لازمی ہے۔ خلاف ورزیوں کے معاملے میں ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔بy/